ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کا  تمام ڈویژنل پریس کلبز کے سامنے احتجاجی مظاہروں کا اعلان

ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کا  تمام ڈویژنل پریس کلبز کے سامنے احتجاجی ...

  

        کوھاٹ (بیورو رپورٹ) خیبر پختونخواہ ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کے ملازمین کا صوبے کے تمام ڈویڑنل پریس کلبز کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرے کا اعلان‘ ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کے ملازمین کی مرحلہ وار احتجاجی ہڑتال علامتی انداز میں شروع ہوئی، اکتوبر میں تمام اضافی ذمہ داریوں کا بائیکاٹ کیا گیا اور ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود افسران و حکام کی عدم دلچسپی و سرد مہری کے باعث مکمل قلم چھوڑ ہڑتال پر مجبور ہوگئے۔ یکم نومبر سے اتھارٹی کے تمام ملازمین بشمول میل فیمیل مانیٹرز اور دفتری سٹاف نے روزانہ اپنے ضلعی دفاتر جا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، بازوؤں پہ کالی پٹیاں باندھ کر اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے رہے۔ لیکن دو ماہ گزر گئے اور حکام اور افسران بالا کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی اور الٹا تنخواہوں کی بندش کے احکامات اور شو کاز نوٹس جاری کر  دیئے دو ماہ کے اس عرصے میں وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم معاملے کے بارے میں باخبر ہوتے ہوئے بھی خاموش رہے اور تاحال خاموش ہیں ملازمین کی نمائندہ جماعت پراونشل کوآرڈینیشن کمیٹی (پی سی سی) کے مطابق قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان ملازمین میں پھیلی شدید مایوسی کی بنا پر کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ عملی احتجاج کے لئے ملازمین پشاور کا رخ کریں گے عملی احتجاج کی پرامن شروعات پریس کلب کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہروں سے کی جا رہی ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ انکے حقوق کی منظوری کے لئے ٹائم فریم دینے اور تحریری سمری ارسال ہونے تک احتجاج جاری رہے گا ملازمین کے مطالبات میں 5 سالہ سروس کی بنیاد پر اپ گریڈیشن، نومنکلیچر کی تبدیلی، سروس سٹرکچر، غیر ادا شدہ جائز مالی حقوق کی ادائیگی، حقوق کی منظوری کے لئے کمیٹی کی تشکیل اور اس میں ملازمین کے نمائندوں کی شمولیت، شامل ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -