عمران خان عاصم منیر کو بہت پسند کرتے تھے، پھر دوریاں کیسے بنیں ؟ شاہزیب خانزادہ نے بڑا دعویٰ کر دیا

عمران خان عاصم منیر کو بہت پسند کرتے تھے، پھر دوریاں کیسے بنیں ؟ شاہزیب ...
عمران خان عاصم منیر کو بہت پسند کرتے تھے، پھر دوریاں کیسے بنیں ؟ شاہزیب خانزادہ نے بڑا دعویٰ کر دیا

  

کراچی (ڈیلی  پاکستان آن لائن) سینئر صحافی شاہزیب خانزادہ نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان عاصم منیر کو بہت پسند کرتے تھے، انہیں ڈی جی آئی ایس آئی  بھی اسی لیے بنایا وہ 6 ماہ اس عہدے پررہے اور پھر خود ہی انہیں عہدے سے ہٹا دیا ۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی "جیو نیوز " سے گفتگو کرتے ہوئے شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نہیں چاہتے تھے کہ عاصم منیر نئے آرمی چیف بنیں، تحریک انصاف نے اس پورے معاملے کو عاصم منیر کی وجہ سے متنازع بنایا، عمران خان کہہ چکے ہیں ان کا مسئلہ یہ نہیں کون آرمی چیف بنے، مسئلہ  یہ ہے کہ عاصم منیر نہ بن جائیں۔

 عمران خان کی عاصم منیر سے دوری کی وجہ بتاتے ہوئے شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ بطور ڈی جی آئی ایس آئی عاصم منیر نے عمران خان کے سامنے ثبوت رکھے جو بنی گالہ اور ان کے اہلخانہ سے متعلق تھے کہ کس قسم کی کرپشن ہورہی ہے اور کیا خبریں ہیں، جنرل  عاصم  توقع کررہے تھے کہ عمران خان ایکشن لیں گے لیکن عمران خان نے جنرل عاصم کے خلاف ایکشن لیا اور  انہیں  ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے ہٹادیا۔

 شاہزیب خانزادہ نے مزید کہا کہ اسی لیے عمران خان نہیں چاہتے تھے کہ عاصم منیر آرمی چیف  بنیں کیونکہ یہ اصول کا نہیں ان کا ذاتی معاملہ تھا کہ وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی نے ثبوت رکھے جو اس وقت کے وزیراعظم کو اچھے نہیں لگے۔

مزید :

قومی -