ماں اپنی 2 سالہ بیٹی کی جان بچاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک بہادر ماں اپنی دو سالہ بیٹی کی جان بچاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئی۔ میل آن لائن کے مطابق برطانوی کاﺅنٹی کیمبرج شر کی رہائشی30سالہ ربیکا ایبلمین نامی یہ ماں نیشنل ہیلتھ سروسز میں ہیلتھ کیئر اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتی تھی، اس کی ایک ہی بیٹی تھی، جس کے ساتھ وہ سڑک پر جا رہی تھی کہ اچانک سامنے سے ایک لاری آ گئی۔
قریب تھا کہ لاری ربیکا کی آٹم نامی بیٹی کو کچل ڈالتی تاہم اس بہادر لڑکی نے دوڑ کر اپنی بیٹی کو ایک طرف دھکیل کر بچا لیا مگر خود لاری کی ٹکر سے نہ بچ سکی اور شدید زخمی ہو گئی۔ اسے فوری طور پر ہسپتال لیجایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ رپورٹ کے مطابق 67سالہ لاری ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کر لیا ۔ربیکا کے 34سالہ شوہر کرس زیمسکی کا کہنا ہے کہ ”ربیکا میری لیے تاریک راتوں میں ایک روشنی کی مانند تھی۔ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ وہ اتنی جلدی مجھے چھوڑ کر چلی جائے گی۔ آٹم اس کے بہت قریب تھی۔ میں نہیں جانتا کہ وہ اس کے بغیر کیسے رہ پائے گی۔“