اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق سینیٹر آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ فون پر دھمکی دی گئی ہے، ن لیگ کے خلاف بیان دے کر اچھا نہیں کر رہا، مجھے یا میری فیملی کو نقصان پہنچا تو ن لیگ کی قیادت ذمہ دار ہو گی۔
جیو نیوز کے مطابق اپنے بیان میں ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ دھمکی سے نہیں ڈرتا، قانونی چارہ جوئی کروں گا، مہنگائی، غربت کے خلاف اور مڈل کلاس نوجوانوں کےحق میں آواز اٹھاتا رہوں گا۔آصف کرمانی نے کہا کہ ن لیگ اپنے کارندوں اور اجرتی غنڈوں کو لگام دے۔خیال رہے کہ نواز شریف کے سابق پولیٹیکل سیکریٹری آصف کرمانی نے جولائی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔اپنے بیان میں ڈاکٹر آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے خود کو مسلم لیگ (ن) کے سیاسی معاملات سے علیحدہ کرچکا تھا۔