لاہور (نمایندہ خصوصی) بانی چیئرمین تحریک انصاف کی کال پر آج 24 نومبر کو اسلام آباد کی طرف فائنل مارچ کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے اسلام آباد کی طرف جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دینے کی وجہ سے پی ٹی آئی لاہور کی قیادت لاہور کے بتی چوک پر احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔
تحریک انصاف لاہور کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی لاہور کے اس احتجاج کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کریں گے, ذرائع کے مطابق اس تازہ صورت حال کے پیش نظر اب پنجاب کے تمام اضلاع اپنے اپنے شہروں میں احتجاج کریں گے, اگر ممکنہ طور پر حکومت نے راستے کھولنے کا فیصلہ کیا تو پھر یہ پنجاب بھر کے اضلاع کے کارکنان اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق اب آج 24 نومبر کو ہر ضلع اور تحصیل کی سطح پر احتجاج بھی ہوگا اور مرکزی قیادت کے حکم پر غیر معینہ مدت کے لیے دھرنا بھی ہوگا اور یہ ممکنہ دھرنا قیادت کے آئندہ کے حکم تک جاری رہے گا۔