سندھ حکومت کا سانحہ جیکب آباد کے متاثرین کے لیے امداد کا اعلان ،واقعے کامقدمہ ملٹری کورٹس میں چلائیں گے :قائم علی شاہ
جیکب آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )سندھ حکومت نے سانحہ جیکب آباد میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کو 20,20لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان کیا ہے ،شدید زخمی افراد کو 10,10لاکھ فی کس کے ساتھ نوکر ی بھی دی جائے گی جبکہ معمولی زخمی افراد کو 2,2لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شا ہ نے اہل تشیع علماءسے ملاقات کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ جیکب آباد کیس کو فوجی عدالتوں میں بھیجیں گے اور ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا دلوائیں گے ۔سندھ حکومت نے 80کیسز فوجی عدالتوں میں بھیجے جن میں سے صرف چھ کیسز فوجی عدالتوں میں چلے باقی تمام کیسز فوجی عدالتوں سے واپس آنے پر اینٹی ٹیررسٹ کورٹس میں چلائے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ سانحہ جیکب آباد میں غفلت برتنے پر ڈی ایس پی اور ایم ایس کو معطل کیا جا چکا ہے جبکہ اہل تشیع علماءکے مطالبے پر ایس ایس پی کے خلاف بھی تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچا یا جائے گا ۔ قائم علی شاہ نے کہا صوبائی حکومت نے محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر ر کھے تھے ۔شکار پور اور جیکب آباد کے علاوہ باقی تمام سندھ دہشت گردوں کی مذموم کارروائیوں سے محفوظ رہا ۔

