ملتان میں بھی میٹرو بس کی سہولت

ملتان میں بھی میٹرو بس کی سہولت

  

لاہور اور راولپنڈی اسلام آباد کے بعد ملتان میں بھی شہریوں کو میٹرو بس سروس کی سہولت مہیا کرنے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ اگلے دو سے تین ہفتوں کے اندر ملتان کے شہری بھی جدید اور سستی سواری کے ذریعے سفر کرنے لگیں گے۔اگرچہ ملتان میں اِس سہولت کی فراہمی میں کچھ تاخیر ہوئی اور میٹرو بس کے ٹریک کی کھدائی کے خلاف لوگوں نے احتجاج بھی کیا،کیونکہ آمدورفت کے سلسلے میں لوگوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم یہ منصوبہ اب پایۂ تکمیل تک پہنچ چکا ہے اور میٹرو بس سروس آزمائشی طور پر شروع کر دی گئی ہے۔ اِس کا باقاعدہ افتتاح نومبر کے پہلے یا دوسرے ہفتے تک ہونے کا امکان ہے۔ میٹرو بس سروس واحد منصوبہ ہے، جو لاہور میں شروع کیا گیا تو اس کی سیاسی حوالے سے شدید مخالفت کی جاتی رہی۔ اسے ’’جنگلہ بس‘‘ بھی قرار دیا گیا اور یہ بھی دعویٰ کیا جاتا رہا کہ اِس منصوبے پر55ارب روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ بعض حلقوں نے تو اس کی لاگت 70ارب روپے بھی بتائی۔ تاہم پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ہر قسم کی مخالفت اور الزامات کو برداشت کیا اور اپنی نگرانی میں گیارہ ماہ کی ریکارڈ مدت میں اِس منصوبے کو مکمل کرا لیا، جبکہ اِس منصوبے کو صرف30ارب روپے میں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا۔ اِس سلسلے میں انہوں نے دستاویزی ثبوت بھی پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ترکی کی حکومت نے اِس منصوبے کیلئے فنی اور مالی تعاون کیا۔ خدا کرے کہ ملتان میں بھی اِسی طرح سرمائے کی بچت ہوئی ہو۔ میٹرو بس سروس کے ذریعے لوگوں کو سستی اور جدید سہولتوں سے آراستہ سفر کی سہولتیں میسر آتی ہیں، جبکہ وقت کی بھی بچت ہوتی ہے۔ اس کیلئے پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف بجا طور پر اس کریڈٹ کے حق دار ہیں۔

مزید :

اداریہ -