ایس ایم تنویر نے پیڈمک میں مشاورت اور کرپشن فری ماحول کو فروغ دیا

ایس ایم تنویر نے پیڈمک میں مشاورت اور کرپشن فری ماحول کو فروغ دیا

  

 حامد ولید

پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) کے نو منتخب چیئرمین رضوان خالد بٹ نے اپنے پیشرو چیئرمین ایس ایم تنویر کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا جس میں پیڈمک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور سیکرٹری انڈسٹریز خالد شیردل نے خصوصی شرکت کی۔ دیگر اہم شخصیات میں وہاڑی سے ایم این اے تہمینہ دولتانہ اور لاہور سے عارفہ خالداور ایم پی اے کرن ڈار صاحبہ شامل تھیں۔

مقررین کا اتفاق تھا کہ سبکدوش ہونے والے چیئرمین ایس ایم تنویر نے پیڈمک میں مشاورت اور کرپشن فری ماحول کو فروغ دیا۔

محترمہ تہمینہ دولتانہ صاحبہ نے وہاڑ ی میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے ایس ایم تنویر کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ا ن کی بے غرض کاوشوں کے نتیجے میں وہاڑی کے عوام کے لئے 50,000نوکریوں کو یقینی بنانے کے ان کے خواب کی تکمیل کی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے وہاڑی کے عوام کو انڈسٹریل اسٹیٹ کا تحفہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت نئی مینجمنٹ کے پیچھے پڑی رہیں گی جب تک وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعتوں کا جال نہیں بچھ جاتا۔ انہوں نے نئی مینجمنٹ کو ایس ایم تنویر کے نقش قدم کی پیروی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے صوبے کے 36اضلاع میں 36انڈسٹریل اسٹیٹس کے خواب کو جلد مکمل کرنے کی تلقین بھی کی ۔

پیڈمک کے بانی رکن سید نبیل ہاشمی نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کے جال سے عوام کو نوکریوں کا حصول ممکن ہوا ہے۔ پیڈمک 2003سے مصروف عمل ہے جس کی طرز پر کراچی میں وفاقی سطح پر نیشنل انڈسٹریل پارکس اینڈ سروسز کے نام سے ایک کمپنی بھی بنی تھی لیکن 12سال کا عرصہ گزنے کے بعد وہ کمپنی ساڑھے ارب روپے کے قرضے کے بوجھ تلے ہے اور صرف دو ادھورے پارکس بنا سکی ہے جبکہ پیڈمک آٹھ انڈسٹریل اسٹیٹس کا تحفہ پنجاب کے عوام کو دے چکی ہے جس کا سہرا پنجاب کی سیاسی قیادت اور پیڈمک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم تنویر کی شخصیت میں سے ایک کامیاب کاروباری لیڈر دریافت کرنے کا سہرا بھی پیڈمک کے سر ہے ۔انہوں نے تجویز کیا کہ پیڈمک کو ایک اتھارٹی میں تبدیل کرنا چاہئے ۔

محترمہ عارفہ خالد صاحبہ نے ایس ایم تنویر کی جانب سے بورڈ اراکین کو فری ہینڈ دینے کی تعریف کی اور کہا کہ پیڈمک بورڈ آف ڈائریکٹرز پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے۔

بورڈ کے ایک اور رکن شاہد حسین نے ایس ایم تنویر کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں Man of Consultationقرار دیا۔ انہوں نے کہا پیڈمک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ایک بہترین مثال ہے جس کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے شکر گزار ہیں۔

اقبال بھٹی نے کہا کہ ایس ایم تنویر نے اجتماعی بھلائی کے جذبے کے ساتھ کام کیا جس کے نتیجے میں کامیابی نے ان کے قدم چومے۔ایم پی ای محترمہ کرن ڈار نے پیڈمک میں پالیسیوں کے تسلسل خوش آئند قرار دیاجبکہ محمد علی میاں نے بتایا کہ آج پیڈمک اربوں روپے کے منافع میں ہے حالانکہ جب ایس ایم تنویر نے بطور چیئرمین فرائض سنبھالے توپچاس کروڑ کے خسارے کی شکار تھی ۔ان کا کہنا تھا کہ ایس ایم تنویر نے نئی مینجمنٹ کے لئے معیار کے اعلیٰ معیار قائم کئے ہیں جن کو برقرار رکھنا اصل چیلنج ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی بہترین سلیکشن کے نتیجے میں آج پیڈمک میں ایک انڈسٹریل یونٹ بھی بیمار نہیں ہے۔

سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب خالد شیر دل نے ایس ایم تنویر کو اس بات پر خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے پیڈمک کو ایک شاندار آغاز دیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدائت پر پیڈمک کو ایک ریگولیٹری اتھارٹی میں تبدیل کرنے کا عمل جاری ہے۔ اس کے ساتھ پیڈمک میں ون ونڈو فیسیلیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جلد ہی بیلاروس سے ایک ٹریکٹر مینوفیکچرر پنجاب میں پروڈکشن پلانٹ لگائے گاجہاں زرعی آلات بھی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب حکومت بہت جلد نئی صنعتی پالیسی کا اعلان بھی کرنے جا رہی ہے جس کے نتیجے میں پنجاب بھر میں صنعتوں کا جال بچھے گا۔

ایس ایم تنویر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کے لئے خوشی کی بات ہے کہ پیڈمک میں ان کی چھ برسوں کی محنت کا تسلسل نئی قیادت کی شکل میں ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا انہیں اپنے دور میں پنجاب کی بیوروکریسی اور سیاسی قیادت کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ انہوں نے بورڈ اراکین کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون پیڈمک ایک Success storyبن سکا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے انہیں ایک انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کا ٹارگٹ دیا تھا اور وہ پانچ اور بناکر ان کے اعتماد پر پورا اترے۔انہوں نے پیڈمک کے نئے چیئرمین رضوان خالد بٹ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیااور امید ظاہر کی کہ وہ نئے چیلنجوں کو قبول کرتے ہوئے ادارے کو ترقی دیں گے۔ انہوں نے اتھارٹی کے قیام پر زور دیا اور نئی قیادت کو تنبیہ کی وہ فرائض کی بجاآوری میں غیر جانبداریت کو یقینی بنائیں اور سب کے لئے کام کریں۔

پیڈمک کے نومنتخب چیئرمین رضوان خالد بٹ نے ایس ایم تنویر کی حوصلہ افزائی کا شکریہ ادا کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے پیڈمک کے بحری جہاز کی کپتانی ملنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کا ہر رکن بغیر کچھ لئے پیڈمک کو اپنا قیمتی وقت دیتا ہے اور سب کا سنگل پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ پاکستان ترقی کرے۔ انہوں نے کہا کہ بطور چیئرمین ان کی کوشش ہوگی کہ وہ ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کو ہم آہنگ کریں۔انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ بڑا سوچیں اور کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی پالیسی کو تمام بورڈ آف مینجمنٹ عمل میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پاکستان کی آبادی کا 52فیصد ہیں جن میں صرف چھے فیصد صنعتی ترقی میں کردار ادا کررہی ہیں ۔ پاکستان کی صنعتی ترقی میں خواتین کے کردار کو بڑھانے کے لئے بنگلہ دیش اور کوریا کے ماڈل کو اپنانا ہوگا جس میں فیکٹری کی بالائی منزل پر لیبر کالونیاں بنائی جاتی ہیں۔ انہوں نے Tevtaپر بھی زور دیا کہ وہ صنعتی مہارتوں کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہ پنجاب میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لئے ابھی بہت گنجائش ہے اور چھانگا مانگا سمیت دیگر پکنک سپاٹس کو ڈویلپ کرکے اسے فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام کاروباری گروپس سے حمائت کی درخواست کی اور یقین دلایا کہ وہ سب کی مشاورت سے پیڈمک کے معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں میں یادگاری شیلڈ بھی تقسیم کی گئیں۔تقریب کی نقابت کے فرائض منظور ملک نے ادا کئے۔

مزید :

ایڈیشن 2 -