راجر فیڈرر نے ریٹائرمنٹ لینے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا
جنیوا (آئی این پی)شہرہ آفاق سوئس سٹار اور سترہ مرتبہ کے گرینڈسلام چمپئن راجر فیڈرر نے آئندہ سیزن کے اختتام پر انٹرنیشنل ٹینس کیریئر کو خیرباد کہنے کے حوالے سے تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا۔ رواں برس منعقدہ ومبلڈن اوپن کے سیمی فائنل میں کینیڈین پلیئر میلوس راؤنک کے ہاتھوں شکست کے بعد فیڈرر نے انجری مسائل کے باعث ریسٹ آف سیزن سے عدم دستیابی کا اعلان کیا تھا۔فیڈرر 35 برس کے ہو گئے ہیں اور ان کے مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ وہ آئندہ سال انٹرنیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے تاہم فیڈرر نے تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا اور کہا کہ وہ فی الحال ٹینس سے کنارہ کشی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے بلکہ وہ 2018 سیزن میں بھی کھیل کو جاری رکھنے کے بارے سوچ رہے ہیں۔