جنرل راحیل شریف کی امن وآشتی کیلئے گرانقدر خدمات قابل ستائش ہیں،میاں اویس
لاہور( جنرل رپورٹر) ہیومن رائٹس موومنٹ قصور کے صدرمیاں اویس علی نے کہا کہ وطن پرست عوام کی دعائیں اوروفائیں ا پنے نڈراوردبنگ دفاعی اداروں اورجانبازوں کے ساتھ ہیں۔جنرل راحیل شریف کی امن وآشتی اوراستحکام کیلئے گرانقدر خدمات کے نقش مٹائے نہیں جاسکتے۔دفاع وطن کیلئے عوام اپنے جانثارفوجی جوانوں کی پشت پرکھڑے ہیں۔مادروطن کی حفاظت کیلئے دشمن کوتڑپاتڑپا کرمارناسعادت جبکہ دشمن کامردانہ وارمقابلہ کرتے ہوئے مرناشہادت ہے ۔ جنرل راحیل شریف ایک طرف دہشت گردوں کی سرکوبی کویقینی بنارہے ہیں جبکہ دوسری طرف انہو ں نے قومی یکجہتی کے فروغ کابیڑااٹھایا ہے۔پاک فوج کیخلاف ''نیوزفیڈ''میں ملوث کرداروں کوقرارواقعی سزادی جائے ۔اپنے ایک بیان میں میاں اویس علی نے مزید کہا کہ جنرل راحیل شریف کی سنجیدہ اورتعمیری کاوش سے ناراض بلوچ سیاسی قیادت ایک بارپھر قومی دھارے میں واپس آگئی ہے،بلوچ بھائیوں کو اپنی محرومیوں کے مداوا کے سلسلہ میں دفاعی اداروں کی کمٹمنٹ پرپورااعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیور بلوچ بھائی جام شہادت نوش کرسکتے ہیں مگروہ کسی قیمت پر بھارت کے بھگت نہیں بن سکتے ۔ پاکستان کیخلاف اندرونی وبیرونی دشمنوں کے منفی پروپیگنڈے کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دفاعی ادارے مادروطن کی حفاظت کیلئے سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی کامیابی اورنیک نامی سے حسد کرنے والے اب بھی تعصب کی آگ میں جل رہے ہیں مگروہ قوم اور دفاعی اداروں کے درمیان فاصلوں کی کوئی دیوار تعمیر نہیں کرسکتے ۔ لگتا ہے غداروں اوران کے سہولت کاروں نے پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کاعہدکیا ہواہے مگر وہ اپنے ناپاک ارادوں میں ہرگزکامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے دفاع اوراستحکام کیلئے جمہوریت یاکوئی فردواحد نہیں بلکہ دفاعی ادارے اہم ہیں۔