فیکٹری ایریا ، پولیس نے ڈاکوؤں اور رہزنوں کے دوگروہوں کے 5ملزموں کو گرفتار کرلیا

فیکٹری ایریا ، پولیس نے ڈاکوؤں اور رہزنوں کے دوگروہوں کے 5ملزموں کو گرفتار ...

  

لاہور(کرائم رپورٹر)فیکٹری ایریا پولیس نے شاہراؤں اور گلیوں محلوں میں شہریوں کوگن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر موٹر سائیکلیں اور قیمتی اشیاء چھیننے والے ڈاکوؤں اور راہزنوں کے2 گروہوں کے5ملزموں کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرشہر کے مختلف علاقوں سے وارداتوں میں چھینی ہوئی لاکھوں روپے مالیت کی موٹر سائیکلیں،مالِ مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایس پی کینٹ طارق مستوئی نے ایس پی ا و ڈیفنس ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری کی سربراہی میں ایس ایچ اوفیکٹری ایریا ممتاز حسین کاکڑ او ردیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی جس نے آصو ڈکیت گینگ کے سرغنہ آصف عرف آصو اور اس کے دو ساتھیوں عمیر اور گلفام عرف گلو کو جمشید نامی شہری سے موٹر سائیکل چھینتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرلاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ 8 موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ ملزمان اپنے طریقہ واردات میں شہر کے مختلف علاقوں میں گھومتے رہتے اور موقع ملتے ہی اسلحہ کی نوک پر شہریوں سے موٹر سائیکلیں، موبائل فونز، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہو جاتے تھے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان عادی مجرم ہیں جو اس سے قبل بھی کئی دفعہ جیل جا چکے ہیں ۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے تھانہ فیکٹری ایریا، ڈیفنسA، ڈیفنسB، کوٹ لکھپت، نشتر کالونی، لیاقت آباد، نصیر آباد، ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، گلبرگ اور غالب مارکیٹ کے علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی18مزید وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے جبکہ ملزموں کے خلاف مذکورہ تھانوں میں ڈکیتی اور راہزنی کے متعدد مقدمات بھی ٹریس ہوئے ہیں۔ ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دیا گیا ہے۔اسی پولیس ٹیم نے کاکا ڈکیت گینگ کے سرغنہ شہزاد عرف کاکا اور اس کے ساتھی اللہ دتہ عرف گل خان کو گرفتار کر کے ان سے مسروقہ موٹر سائیکل، 2لاکھ روپے نقدی، 4موبائل فونزاور ناجائز آتشیں اسلحہ برآمد کیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں ڈکیتی اور راہزنی کی 15مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے ڈاکوؤں اور راہزنوں کے گروہوں کی گرفتاری پر ایس ایچ او فیکٹری ایریا ممتاز حسین کاکڑ اور ان کی ٹیم کے لیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید :

علاقائی -