موصل کی آزادی کا آپریشن جاری، حمدانیہ شہر پر عراق کا پرچم لہرا دیا گیا
موصل (اے پی پی) عراق کے شمالی شہر موصل کو آزاد کرانے کے لئے عراقی افواج کا آپریشن چھٹے روز بھی پوری قوت کے ساتھ جاری رہا جس کے دوران متعدد علاقے دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالئے گئے۔عراق سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے داعش کے قبضے سے موصل شہر کو آزاد کرانے کی اپنی کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں پرزبردست حملے کئے ہیں جن کے دوران موصل کے جنوب مشرقی علاقے الحمدانیہ کو آزاد کرالیا ہے۔۔ عراقی فوج نے حمدانیہ شہر میں داخل ہونے کے بعد اس میں عراق کا پرچم لہرادیا ہے ، جبکہ عراقی فوج اور عوامی رضاکارفورس کے مشترکہ دستے موصل کے شمالی مضافاتی علاقے التبادل التجاری کی جانب آگے بڑھ رہے ہیں ۔ عراق کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ موصل کے شمال مشرقی شہر قرہ قوش کو جو عیسائی آبادی والا شہرہے داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے آپریشن شروع ہوگیا ہے ۔