ایم کیو ایم لندن کے زیر حراست 3 رہنماایک ماہ کیلئے جیل منتقل

ایم کیو ایم لندن کے زیر حراست 3 رہنماایک ماہ کیلئے جیل منتقل

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں کو حراست میں لئے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شاہ فیصل کالونی میں لندن رابطہ کمیٹی کے رہنما اشرف نور کے گھر چھاپہ مارا اور ان کی غیر موجودگی پر ان کے بھائی کو حراست میں لے لیا گیاجبکہ زیرحراست ایم کیو ایم لندن کے رہنما پروفیسر حسن ظفر، کنور نوید یونس اور امجد اللہ کو تیس روز کیلئے نظر بند کرتے ہوئے سینٹرل جیل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے متحدہ لندن کے رہنماؤں کی ایک ماہ کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔اس سے قبل رینجرز اہلکاروں نے حسن ظفر اور کنور خالد کو تفتیشی مرکز میٹھا رام ہاسٹل میں منتقل کیا گیا تھااور ان سے رات بھر تفتیش بھی کی گئی۔ تینوں رہنماؤں کی ٹیلی فون کالز کو ٹریس کیا اور ان کے 22 اگست کی تقریر کے حوالے سے بھی بیانات ریکارڈ کیے، بعد ازاں تینوں کو سینٹرل جیل منتقل کردیاگیا ۔دوسری جانب ایم کیوایم لندن کے رہنما ندیم نصرت اور واسع جلیل نے گرفتاریوں کو غیر قانونی قراردیا۔

مزید :

صفحہ اول -