عمران خان کوشیروانی کاشوق ہے تومیں سلوادیتاہوں،حمزہ شہباز

عمران خان کوشیروانی کاشوق ہے تومیں سلوادیتاہوں،حمزہ شہباز

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان کو اگر وزیر اعظم بننے کا اتنا شوق ہے تو میں ان کو اپنے پیسوں سے شیروانی سلوا دیتا ہوں،عمران خان جہاں سے گزریں گے وہاں وزیر اعظم کے نعرے لگوا دوں گا۔تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پیچھے قربانیوں کی تاریخ ہے،شہید محترمہ کے دور میں مجھے اڈیالہ جیل میں رکھا گیاتھا۔مشرف دور میں مجھے نیب دفاتر کے آگے 6،6گھنٹے بٹھایا جاتا تھا،نیب افسر نے کہا مشرف نے انکوائری کا ٹاسک دیا ہے،آپ کے خلاف ثبوت نہیں ملے ۔جب میں نیب دفاتر کے آگے بیٹھا تھاتب عمران خان، مشرف کے ریفرنڈم میں ان کا ساتھ دے رہے تھے۔نواز شریف نے کہا تھا کہ سرجھکا کر سپریم کورٹ میں صفائی کے لئے پیش ہوں گے ،مشرف دور میں بھی ہمارا خاندان سرخرو ہواتھا۔مشرف دور سے زیادہ کالا دور کوئی نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان توتین دن جیل میں رہنے کے بعد گھبرا گئے تھے، پہلے بھی دھرنے میں قوم کے 126دن ضائع کئے اور اب بھی 2نومبر کو کچھ نہیں ہونے والا ہے۔دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوا تھا ،یہ سب سی پیک منصوبے کے خلاف سازش ہو رہی ہے۔کالا باغ ڈیم والی سازش آج سی پیک کے خلاف ہو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ دن پہلے عمران خان نے بیہودہ باتیں کیں تھیں کہ میرے پیچھے سینئر رہنما ہاتھ باندھے کھڑے ہوتے ہیں،میں مسلم لیگ (ن) کا کارکن ہوں اوردوسری بار ایم این اے منتخب ہوا ہوں۔عمران خان خود تو جوڈیشل کمیشن کے اعلان کے باوجود کنٹینر پر ناچنے گئے تھے،ان سب کا احتساب ہوگا اور2018میں ہی ہوگا۔پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آپ سب سڑکیں ناپتے رہیں،ہم سڑکیں بناتے جائیں گے۔بھارت کے ساتھ ہمارے تعلقات برابری کی سطح پر ہی ہوں گے۔

مزید :

صفحہ اول -