ملکی سلامتی کیلئے سب کومتحد ہونا پڑے گا،گورنر پنجاب

ملکی سلامتی کیلئے سب کومتحد ہونا پڑے گا،گورنر پنجاب

  

ملتان(این این آئی )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،دہشت گردی کا خاتمہ ہو گیا ہے، سی پیک ،موٹر وے ، گیس و بجلی سمیت سینکڑو ں ترقیاتی منصو بوں پر تیزی سے کام جاری ہے ،زراعت و صنعت کے شعبوں میں بہتری آرہی ہے ،روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں ،تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے بالخصوص ہسپتالوں میں بہتری لائی جا رہی ہے،ہم نیک نیتی سے ملک اور عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ،مثبت راہ کی کی طرف جارہے ہیں ،ہمیں عوام کا بھر پور اعتماد حاصل ہے،جائز تنقید برداشت کرتے ہیں مگر ترقی کی راہ میں کسی کو رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہیئے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹیکسٹائل انجینئرنگ کالج بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں سپننگ لیب کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وائس چانسلربہا ء الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طاہرامین ،چیئر مین آل پاکستان بیڈ شیٹ اینڈ اپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن خواجہ محمد یونس ،معروف صنعت کا ر و چیئر مین بورڈ آف مینجمنٹ نشتر ہسپتال جلال الدین رومی ،صنعت کار سید محمد عاصم شاہ، سابق ایم این اے شیخ طارق رشید ، سابق صو بائی وزیر چوہدری عبدالوحید آرائیں اور یونیورسٹی اساتذہ و انتظامی افسران بھی موجود تھے ۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ہمیں ملکی سلامتی کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ ہم سب لوگ محب وطن ہیں۔ ہمیں ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے ایک دوسرے کی رہنمائی کر نا چاہیئے تاکہ ہم اچھے طریقے سے عوام کی خدمت کرسکیں اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کر سکیں۔قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجواجہ نے نئی تعمیر ہونی والی سپننگ لیب کا افتتاح کیا اور کالج کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -