ایم کیو ایم پاکستان کا عومای رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان، وائٹ پیپر جاری کرنے کا فیصلہ

ایم کیو ایم پاکستان کا عومای رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان، وائٹ پیپر جاری ...

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ۔متحدہ100دنوں میں عوامی خدمت پروگرام بھی شروع کرے گی ۔فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ہم ہی ایم کیو ایم پاکستان ہیں ،کارکنوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ،ایک دو دنوں میں بھرپور عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے ۔پی آئی بی کالونی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان میرے نام سے الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے،عوام اور کارکنوں سے کہوں گا انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں اور بلدیاتی نمائندوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں ،جو لوگ دھمکیاں دے رہے ہیں ان کواور ان کی سوچ کو جانتے ہیں،کارکن ہمارے ساتھ کھڑے ہیں وہ دھمکیوں کا حل نکال سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دھمکیوں کے خلاف اب تک خاموش ہیں اور ہم نے آئین اور قانون کا راستہ اختیار کیا ہے لیکن ہمیں بولنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں کو 22اگست کی عینک سے نہ دیکھا جائے،ایم کیو ایم کے کارکنوں کو برابر کا پاکستانی سمجھا جائے،اب ظلم اور نہ انصافی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے،ایک دو روز میں اس حوالے سے وائٹ پیپر کی پہلی قسط جاری کی جائے گی۔فاروق ستار نے کہا کہ کے ایم سی کے فنڈز سے عوامی مسائل حل کریں گے ،ایم کیو ایم پاکستان نے سو دن میں مسائل ختم کرنے کا عزم کر لیا ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -