تعلیمی اداروں کے کلچر میں مثبت تبدیلی کیلئے کوشاں ہیں‘ پروفیسر نظام الدین

تعلیمی اداروں کے کلچر میں مثبت تبدیلی کیلئے کوشاں ہیں‘ پروفیسر نظام الدین

  

بہاولپور(بیورورپورٹ) چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین نے کہا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے کلچر میں مثبت تبدیلی کے لیے کوشاں ہیں تاکہ تدریس و تحقیق کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جاسکے ۔ڈاکٹر محمد نظام الدین نے ان خیالات کا اظہار آج اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں کالج پرنسپلز کی پانچ روزہ تربیتی پروگرام کے اختتامی تقریب میں کیا ۔اپنے دورے کے دوران(بقیہ نمبر36صفحہ12پر )

انہوں نے فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق کی سربراہی میں انتہائی مختصر عرصے میں کلچر میں غیر معمولی تبدیلی، تدریس و تحقیق کے معیار میں اضافہ ، ترقیاتی کاموں میں تیزی،انتظامی اور مالیاتی امور میں نمایاں اصلاحات تمام تعلیمی اداروں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں 41روز کے مختصر عرصے میں 11.8کلومیٹر طویل دیوار کی تعمیر انتہائی غیر معمولی کامیابی ہے۔طالبات کے لیے سٹڈی پارک کی تعمیر پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہے جو کلچر کی تبدیلی کی سمت میں تازہ ہوا کا جھونکا اور متاثر کن کوشش ہے۔چیئرمین ہائر ایجوکیشن نے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ہمراہ عباسیہ کیمپس، خواجہ فرید کیمپس اور بغداد الجدید کیمپس کا تفصیلی دورہ کیا جس میں سپورٹس کمپلیکس، مرکزی آڈیٹوریم، ڈیئر بریڈنگ سنٹر، یونیورسٹی زرعی فارم، نو تعمیر شدہ زرعی کالج اور یو ایس ایڈ کی ایجوکیشنل ٹریننگ کی عمارات شامل تھیں۔انہوں نے بغداد الجدید کیمپس کی خوب صورتی اور شادابی کو بے حد سراہا اور اسے بہترین کیمپس قرار دیا۔دریں اثناء غلام محمد گھوٹوی ہال میں مقامی تعلیمی اداروں کے سربراہان کے لیے منعقدہ تقسیم اسناد کی تقریب کے موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کے سربراہان کی انتظامی اور مالیاتی امور میں بہترین کے لیے مختلف تربیتی پروگرام کا آغاز کیا گیاہے۔جلد ہی لاہور ، ملتان اور بہاول پور میں ٹیچر ٹریننگ اکیڈمیوں کا آغاز کردیا جائے گا جہاں پراساتذہ کی تدریسی استعداد میں اضافے کے لے شارٹ کورسز منعقد کیے جائیں گے۔ اسی طرح ملتان، ساہیوال، گوجرانوالہ اور لاہور میں کمیونٹی کالجز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ والدین اور معاشرے کے دیگر طبقات کی مدد سے تعلیمی اداروں کے معاملات چلائے جاسکیں۔انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ٹریننگ پروگرام کے انعقاد اور سہولیات کی فراہمی پر پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا کہ جامعہ کا نظم ونسق سنبھالنے کے بعد ان کی پہلی ترجیح انتظامی ، تدریسی اور مالیاتی امور میں ایڈہاک ازم کا خاتمہ تھا ۔خدا کے فضل سے ڈیڑھ سال کے عرصے میں اپنا بنیادی ہدف حاصل کرلیاہے جس کی ایک مثال اکیڈمک کیلنڈر کا نفاذ ہے جس کے تحت اب یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیاں بغیر کسی تعطل کے جاری ہیں اس موقع پر تربیتی پروگرام میں شریک45شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -