عوامی اعتماد کیلئے ریفرنڈم کی تیاری جاری، تحریک انصاف کے دھرنے میں شرکت کا سوچا جا سکتا ہے: ڈاکٹر فاروق ستار
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ عوامی اعتماد کے حصول کیلئے ریفرنڈم کی تیاری کر رہے ہیں، دعوت آئی تو تحریک انصاف کے دھرنے میں شریک ہونے کا سوچ سکتے ہیں۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام سے رابطے بڑھا کر ریفرنڈم کی تیاری کر رہے ہیں جس میں ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت پر اعتماد کا ووٹ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک دھرنے کی طرف ہمیں بھی جانا ہوگا ایم کیو ایم کا دھرنا کب ہوگا اس کا وقت ابھی نہیں بتا سکتے لیکن متحدہ پاکستان بھی عوامی مسائل کے حل کیلئے دھرنا دے گی۔ ایم کیو ایم کے دھرنے کی اہمیت بہت ہوگی اور یہ کراچی کو بند کرنے کیلئے نہیں بلکہ ملک کو چلانے کیلئے دیا جائے گا۔اگر تحریک انصاف نے دھرنے میں شرکت کی دعوت دی تو اس بارے میں سوچ بچار کر سکتے ہیں۔