دیہی علاقوں میں کاٹیج انڈسٹری کو فروغ دیا جائے‘ لاہورچیمبر
لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ دیہی علاقوں میں کاٹیج انڈسٹری کو فروغ دیکر غربت کا خاتمہ اور شہری علاقوں کی طرف منتقلی کے رحجان کو روکاجاسکتا ہے لہذا حکومت اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار غلام سرور ملک کی سربراہی میں آل پاکستان کاٹیج انڈسٹری کے سو رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کی طرف توجہ دیکر حکومت غربت اور بے روزگاری کے خاتمے سمیت بہت سے معاشی مسائل حل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے میں کاٹیج انڈسٹری بہت اہم کردار ادا کرسکتی ہے لیکن بدقسمتی سے یہ اہم شعبہ نظر انداز ہوتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کاٹیج انڈسٹری کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لارج سکیل انڈسٹریز کی نسبت شہری اور دیہاتی علاقوں میں کاٹیج انڈسٹری کم وسائل سے زیادہ فروغ پاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کی مدد سے دیہی علاقوں کے لوگوں کو روزگار ملے گا اور اُن علاقوں سے شہری علاقوں کی طرف منتقلی کے رحجان میں بھی کمی آئے گی جس سے شہری آبادی میں تعلیم، ٹرانسپورٹ اور صحت وغیرہ کے مسائل حل ہونگے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کے وسیع تر مفاد میں کاٹیج انڈسٹری کے وابستہ لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتا رہے گا۔ غلام سرور ملک نے کہا کہ مختلف حصوں میں بکھری ہوئی کاٹیج انڈسٹری کو یکجا کرکے بہترین نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں لہذا حکومت اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھائے تاکہ اس انڈسٹری سے وابستہ لوگ سکون سے کاروبار کرکے ملک کی معاشی ترقی میں بھی کردار ادا کرسکیں۔
شعبہ اطلاعات
کیپشن
لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل کو آل پاکستان کاٹیج انڈسٹری کے غلام سرور ملک تحائف پیش کررہے ہیں۔