قومی فٹ سال چیمپئن شپ ، 12 رکنی فٹ سال ٹیم کا اعلان آج کیا جائیگا
اسلام آباد (اے پی پی) قومی فٹ سال چیمپئن شپ کیلئے 12 رکنی اسلام آباد فٹ سال ٹیم کا اعلان (آج) بدھ کوکیا جائے گا۔ اسلام آباد فٹ سال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عدنان سمیع نے بتایا کہ قومی فٹ سال چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلہ میں کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں وفاقی دارالحکومت کے 40 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کو کوچ طارق یونس تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا اور منتخب ٹیم 26 اکتوبر سے کھیلی جانے والی قومی فٹ سال چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔ چیمپیئن شپ میں ملک بھر سے چودہ مختلف ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، فاٹا، گلگت بلتستان، پاکستان نیوی، پاکستان ریلوے، سی ڈی اے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن شامل ہیں۔