روز ٹیلر ریٹائرمنٹ سے قبل 100 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے خواہاں
ویلنگٹن (اے پی پی) نیوزی لینڈ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز روز ٹیلر نے کہا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے قبل 100 ٹیسٹ میچز مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ سابق کیوی کپتان نے ابھی تک 85 ٹیسٹ کھیل رکھے ہیں اور اگر وہ مسلسل کھیلتے رہے تو جنوری 2020ء میں ٹیسٹ میچز کی سنچری مکمل کر سکتے ہیں۔ ٹیلر نے اپنے بیان میں کہا کہ جب تک فٹ ہوں تینوں فارمیٹس میں ملک کی نمائندگی جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ کو کسی ایک سکواڈ سے بھی ڈراپ کر دیا جاتا ہے تو اس کے ساتھ ساتھ آپ کا اعتماد بھی کم ہو جاتا ہے اور ایسی صورت میں پرفارم کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات کھلاڑی محسوس کرتے ہیں کہ وہ مزید دو سے تین برس تک کھیل جاری رکھ سکتے ہیں اسلئے وہ جذبات میں آ کر یا جلد بازی میں فیصلہ نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھی سوچ وچار کے بعد قدم اٹھاءٰیں گے لیکن ابھی میری تمام تر نظریں 100 ٹیسٹ میچز کا سنگ میل عبور کرنے پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مقصد کے حصول کیلئے خود کو فٹ رکھنے کیلئے سخت محنت کریں گے ۔