تعلیمی اداروں میںآگاہی مہم کا مقصد طالبات میں صفائی کی اہمیت اجاگر کرنا ہے ، فرخ قیوم
لاہور(لیڈی رپورٹر) گورنمنٹ کالج برائے خواتین گلبرگ میں صاف اور سرسبز پنجاب کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ سیمینار کے انعقاد کا مقصد طلبا میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی فرخ قیوم بٹ تھے۔ شرکا میں سربراہ کمیونیکیشن جمیل خاور، جی ایم آپریشن سہیل انور ملک اور دیگر افسران شامل تھے۔ تقریب میں ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے طلبا کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے خصوصی پریزینٹیشن اور ڈاکیومنٹری دیکھائی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کے انعقاد کا مقصد آنے والی نسلوں میں صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے تاکہ لاہور شہر سمیت پورے پاکستان میں صفائی ستھرائی قائم رکھنے پر خصوصی توجہ دی جاسکے۔ایل ڈبلیو ایم سی صاف اور سرسبز پنجاب کے حوالے سے خصوصی اقدامات کر رہی ہے اور میری تمام طلبا سے اپیل ہے کہ وہ بھی لاہور کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ پرنسپل گورنمنٹ کالج برائے خواتین گلبرگ کی پرنسپل مسز گل ناز کا کہنا تھا کہ ایل ڈبلیو ایم سی شہر بھر میں صفائی کے بہترین اقدامات کر رہا ہے اور ہمارے ادارے سمیت تمام تر طلبا بھی ایل ڈبلیو ایم سی کی اس مہم میں بھرپور شرکت کریں گے۔