عالمی کانفرنس میں وزیر اعظم کی تقریر سے پاکستان کا سوفٹ امیج ابھرا،مسرت جمشید
لاہور(انٹرویو :دیبا مرزا :تصا ویر :ذیشا ن منیر) تحریک انصاف کی سینئر رہنما و ممبر صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے سعودی عرب میں جاری عالمی کانفرنس میں وزیر اعظم عمران خان کی تقریر سے پاکستان کا سوفٹ امیج ابھر کر سامنے آیا ہے۔ عمران خان پاکستان کو ’’نیا پاکستان‘‘ بنانے کی جانب گامزن ہیں۔ قرضوں کے بوجھ تلے دبے پاکستان کو نکالنا ہمارے عزم میں شامل ہے، نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام غریب عوام کے لئے ایک تحفہ ہے۔ عمران خان نے عوام سے اب تک جو بھی وعدے کئے ان کو تکمیل تک پہنچایا۔ اپو زیشن کو احتجا ج کا پورا حق حا صل ہے لیکن معزز ایوان کے تقدس کو پا ما ل کر نے کی اجا زت کسی صورت نہیں دی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روز نامہ ’’پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک لمبی جدوجہد کے بعد اقتدار میں آنے والی جماعت ہے، انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنے اعتماد اور ووٹوں سے پاکستان تحریک انصاف کو منتخب کیا ہے اور ہم نے بھی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہوگا۔ اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے ’’نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام‘‘ شروع کر دیا ہے جس کا مقصد صرف و صرف غریب افراد کو اپنی چھت مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام سے جتنے بھی وعدے کئے ہیں وہ سب کے سب ہم ان دور اقتدار میں پورے کریں گے۔ اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں جاری عالمی کانفرنس میں وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی ترجیحات اور آنے والے دور کے مقاصد اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے کانفرنس کے مندوبین کو بڑے واضح الفاظ میں تفصیلی طور پر بیان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقریر نے پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں۔ ماضی کے حکمرانوں میں اتنی طاقت نہیں تھی کہ اس طرح سے اپنے ملک کی نمائندگی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ملک ملا ہے اب تک جتنی بھی جماعتیں اقتدار میں آئی ہیں وہ سب کی سب عوام کے پیسہ کھانے والی جماعتیں ہیں جنہوں نے کرپشن کر کے ملک کو دیوالیہ بنا دیا ہے۔ عوام کے نام پر ترقیاتی منصوبوں میں اربوں کی کرپشن کی گئی ہے جس کی وجہ سے آج ہمارا ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معزز ایوان اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ وہاں توڑ پھوڑ کی جائے اپوزیشن کو احتجاج کا پورا حق حاصل ہے لیکن ایسے احتجاج کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا جس سے ایوان کا تقدس پامال ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان خوشحال ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا۔