وزیراعظم سے صدر این بی پی کی ملاقات، ڈیمز کیلئے 19.5ملین کا چیک پیش کیا
کراچی (اکنامک رپورٹر) صدر نیشنل بینک آف پاکستان طارق جمالی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور این بی پی کی جانب سے دیامیر بھاشا اورمہمند ڈیم فنڈ 2018 کیلئے 19.5ملین روپے کا چیک انہیں دیا۔ واضح رہے کہ پانی کے ذخائر کی قلت نے ایک بحرانی صورتحال اختیار کرلی ہے، جس کی وجہ سے سپریم کورٹ نے یہ اقدام کرنے کا بیڑہ اٹھا ہے ، طارق جمالی نے وزیراعظم کو مطلع کیا کہ نیشنل بینک کے تمام ملازمین نے رضاکارانہ طور پر بڑے خلوص نیت سے مذکورہ ڈیم فنڈ میں اپنی ایک دن کی تنخواہ دینے کافیصلہ کیا تھا۔ حکومت پاکستان نے مقامی اور بین الاقوامی ڈونرز سے دیامیر بھاشا اور مہمندڈیم فنڈ2018 میں حصہ لینے کی اپیل کی تھی جس کے جواب میں نیشنل بینک آف پاکستان نے اپنی تمام برانچوں مذکورہ فنڈ قائم کردیا ہے۔ نیشنل بینک نے اپنے تمام ملازمین کو یہ خصوصی ہدایت کی ہے کہ جو عام آدمی اس فنڈ میں پیسے دنیا چاہے انہیں خوش آمدید کہیں اور ان کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ این بی پی اس فنڈ کو اکھٹا کرنے میں ہر طرح کا تعاون فراہم کررہا ہے جبکہ بینک کی ریجنل ٹیمیں اس بات کو یقینی بنارہی ہیں کہ فنڈ کو سپورٹ کرنے کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی کے خدشے کو بالکل ختم کردیا جائے ، انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل بینک ڈیم فنڈ 2018کی تشہیر عام لوگوں کیلئے اردو اور انگلش میں اختیارات اور بینرز کے ذریعے کررہا ہے۔ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایت کیلئے ٹیلیفون نمبر بینک کے نوٹس بورڈ ، ایم ٹی ایم کے کیبنز اور ویب سائٹ پر درج کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ نیشنل بینک کے کال سینٹر ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے ڈیم فنڈ کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایات وصول کررہے ہیں اور بروقت اس کا ازالہ بھی کیا جارہا ہے۔ جبکہ یہاں سے فنڈ کے حوالے سے لوگوں کو معلومات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ اس حوالے سے اوورسیز برانچ نیٹ ورک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سمندر پار کی جانب سے ڈیم فنڈ میں کیش ، چیک یا بانڈز کی صورت میں چندہ دینا چاہیں تو انہیں اس حوالے سے مکمل سہولیات اور تعاون فراہم کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی ’’صاف اور ہرا بھرا پاکستان‘‘ مہم کو مدنظر رکھتے ہوئے نیشنل بینک آف پاکستان نے Join NBP Grow your Own Profit کے نام سے مہم متعارف کروائی ہے۔ جس کے تحت مختلف اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں ، پاک آرمی، مختلف ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشنز سمیت ملک بھر میں 0.1 ملین درخت تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کو سراہا اور نیشنل بینک آف پاکستان کی جانب سے سائبان کے نام سے پروڈکٹ کا ذکر کیا جس کے تحت کم آمدنی رکھنے والے افراد کو انتہائی آسان شرائط پر گھر یا فلیٹ خریدنے کیلئے قرضے دیئے جائیں گے۔