اندرون شہر بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار ، حکومتی احکامات کھوہ کھاتے

اندرون شہر بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار ، حکومتی احکامات کھوہ کھاتے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) اندرون شہر کے بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار نے صوبائی حکومت کے احکامات ہوا میں اڑا دےئے ، انتظامیہ نے متعدد مقامات پر فرضی آپریشن کرکے خانہ پوری کردی شہر و گردونواح میں تجاوزات کی بھرمار ہو چکی ہے دکانداروں نے غیر قانونی طریقے سے سڑکوں فٹ پاتھوں پر قبضے جما رکھے ہیں ، اندرون شہر کی سڑکوں پر پرائیویٹ ہسپتالوں ، کلینکس، نجی تعلیمی اداروں اور دکانداروں نے خود ساختہ پارکنگ سٹینڈز قائم کرکے سڑکیں بلاک کر رکھی ہیں ،ذرائع کے مطابق میونسپل کمیٹی کا شعبہ انکروچمنٹ کے افسران و اہلکار وں نے ریڑھی بانوں سے معاملات طے کررکھے ہیں اور متعلقہ ذمہ داران خواب خرگوش کے مزے لوٹنے میں مصروف ہیں۔پرائیویٹ کلینکس و دکانداروں نے سڑکوں کے دونوں اطراف خود ساختہ پارکنگ قائم کر رکھی ہے جس کی وجہ سے چھوٹی بڑی گاڑیوں سمیت ایمبولنسسز وغیرہ کو ہنگامی حالات میں سڑکوں پر سے گزرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتاہے تجاوزات سمیت ریڑھی بان شہریوں کے ساتھ گالی گلوچ کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔شہر کے چوک چوراہوں سمیت مختلف سڑکوں پر دکانداروں نے قبضے کرکے سڑکوں کو دکانوں اور پارکنگ ایریامیں تبدیل کر رکھا ہے ، بازاروں میں خریداری کے لئے آنے والی خواتین سکولوں کالجوں کے طلبا و طالبات سمیت معمر شہریوں اور بچوں کا پیدل گزرنا محال ہوچکاہے شہریوں کا کہنا ہے کہ سکولوں ، کالجوں میں چھٹی کے وقت بچوں کو سکول سے گھرلیجانے میں طویل دورانیے تک ٹریفک بلاک ہونے کی وجہ سے انتظار کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور شہر میں ناجائز تجاوزات کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔شہر کی عوامی ، سماجی ، رفاعی ، فلاحی تنظیموں کے عمائدین سمیت شہری حلقوں نے انتظامیہ سے ناجائز تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کروانے کامطالبہ کیا ہے تاکہ شہر کی سڑکوں پر قائم کی گئی غیر قانونی تجاوزات اور پارکنگ کے خاتمہ سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی پیدا ہوسکے۔