خیبر پختونخوا کے پانچ منتخب اضلاع میں تزئین و آرائش کا منصوبہ
پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا حکومت نے ابتدائی طور پر صوبے کے پانچ منتخب اضلاع کی تزئین و آرائش کا منصوبہ تیار کر لیا ہے جس پر مجموعی طور پر پانچ ارب روپے لاگت آئے گی۔ ان منتخب اضلاع میں ضلع ملاکنڈ، چارسدہ،ہری پور، صوابی اور لکی مروت شامل ہیں۔اس منصوبے پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے ایک اجلاس صوبائی وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی شہرام تراکئی کی زیر صدارت منگل کے روز پشاور میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری بلدیات ظاہر شاہ کے علاوہ محکمہ ہائے مواصلات و تعمیرات، منصوبہ بندی و ترقی، پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ بلدیات کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصو بے کے تحت مذکورہ اضلاع میں ناجائز تجاوزات کا خاتمہ، سڑکوں کے اطراف میں شجر کاری، صفائی ستھرائی، عوامی مقامات پر واش رومز کی تعمیر، پبلک پارکوں کی بحالی و تعمیر، فٹ پاتھوں کی بحالی و تعمیر، گلی کوچوں کی پختگی،نالیوں کی تعمیر، بس اسٹاپوں کی تعمیر، سٹریت لائٹنگ ،سرکاری عمارتوں کی face liftingاور دیگر کام شامل ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ ممبران صوبائی اسمبلی کے ساتھ ایک اجلاس بلا کر ان کی باہمی مشاورت سے ہر ضلع کے معروضی حالات اور ضروریات کو مدنظر رکھ کر ان کی تزئین و آرائش کیلئے الگ الگ پلان جبکہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے ایک ماسٹر پلان ترتیب دیا جائیگا۔اجلا س سے اپنے خطاب میں صوبائی وزیر نے اس منصوبے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس پر کوئی وقت ضائع کئے بغیر عمل درآمد شروع کرنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی عوامی اہمیت اور افادیت کو سامنے رکھتے ہوئے وہ خود اس کی مانیٹرنگ کریں گے۔ انہوں نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ تزئین و آرائش کے اس منصوبے پر صحیح معنوں میں عمل درآمد کیلئے کام کے روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید اور پیشہ ورانہ انداز میں کام کیا جائے اوراگر ضرورت پڑے تو ترئین و آرائش کے کاموں کی ڈیزائننگ کیلئے نجی شعبے کے ماہرین کی بھی خدمات حاصل کی جائیں اورجو بھی کام کیا جائے اس سے براہ راست عوام کو سہولت ملے اور لوگوں کو نظر آئے کہ حکومت نے ان کی سہولت کیلئے کوئی ٹھوس کام کیا ہے