این بی پی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ ،خواتین ٹیم ایونٹ کا فائنل پشاور نے جیت لی
پشاور(سپورٹس رپورٹر) 11واں نیشنل بینک انٹرزونل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں خواتین کے مقابلے پشاور ریجن نے جیت لئے فائنل میں پشاور نے مردان ریجن کو تین صفر سے شکست دی ، قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں خیبرپختونخوا ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اور نیشنل بنک کے تعاون سے جاری گیارویں نیشنل بنک انٹر زونل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں گزشتہ روز خواتین کے مقابلے اختتام پذیر ہوئے ، خواتین ٹیم ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پشاور نے ایبٹ آباد کو تین صفر سے شکست دی پہلے میچ میں پشاور کی اقراء نے ایبٹ آباد کی کائنات کو گیارہ چھ ، گیارہ ساتھ اور گیارہ نو سے شکست دی ، دوسرے میچ میں نمرانے حیاء کو گیارہ تین ، گیارہ پانچ اور گیارہ چھ سے جبکہ حراء نے آسیہ کو گیارہ سات ، گیارہ نو اور گیارہ تین سے شکست دی ، دوسرے سیمی فائنل میں مردان نے سوات کو تین صفر سے شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز ھاصل کیا پہلے میچ میں مردان کی سائرہ نے سمن کو گیارہ تین، گیارہ چھ اور گیارہ آٹھ سے شکست دی دوسرے میچ میں سائرہ نے سمن کو تین صفر جبکہ ثناء نے خدیجہ کو شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی ۔ جبکہ فائنل میں پشاور نے مردان کو تین صفر سے شکست دیکر خواتین ٹیم ایونٹ کی ٹرافی اپنے نام کی ، مردوں کے ٹیم ایونٹ راؤنڈ میچز میں ہزارہ نے بنوں کو تین دو جبکہ پشاور نے فاٹا کو تین صفر سے شکست دی ، چیمپئن شپ میں انفرادی مقابلے آج منعقد ہونگے ۔اس موقع پر صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل کفایت اﷲ ، نیشنل بنک کے سپورٹس انچارج باسط کمال سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔