طلبا تعلیم کے ساتھ اپنی شخصیت کی بہتری پربھی توجہ مرکوزکریں،صوبائی مشیر تعلیم
پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت کے بعد سب سے زیادہ توجہ کھیلوں کے شعبہ پر دے رہی ہے کیونکہ کھیلوں کے میدان آباد کرنا پی ٹی آئی کا مشن ہے۔جب کھیل کے میدان آباد ہو ں گے تو ہسپتال ویران ہوں گے اورایک صحت مند نسل پروان چڑھے گی۔طلبہ ملک و قوم کاعظیم سرمایہ ہیں اور وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ان کوآگے بڑھنے کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہاٹ گیریزن کیڈٹ کالج میں سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کالج کے پرنسپل بریگیڈیئرندیم اختر حسین،ڈی آئی جی اعجاز احمد،کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین عبدالرقیب ،تحریک انصاف کے ضلعی رہنما آفتاب عالم ایڈوکیٹ،فوجی و سول افسران اور طلباء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔صوبائی مشیر تعلیم کا کہنا تھاکہ آج طلباء نے جس محنت و لگن اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا ہے اگر یہی نظم وضبط تمام اداروں میں آجائے تو ہمارے ملک کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان بھی آباد ہونے چاہیے ۔کھیل طلبہ میں نظم وضبط،آگے بڑھنے کا حوصلہ اور ٹیم ورک کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔قوموں کو آگے بڑھنے اور ترقی کی منازل طے کرنے کے لئے تعلیم کے ساتھ ہمت ،حوصلہ اور لگن کی ضرورت ہوتی ہے اور اگر یہی صلاحیتیں ہم اپنے طلبہ میں پیدا کردیں تو یہ دنیا کی کسی بھی قوم سے مقابلہ کرسکتے ہیں اور ملک کو عظمت اور ترقی کی بلندیوں پرلے جا سکتے ہیں۔ضیا ء بنگش نے کالج کے طلبا پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی شخصیت کی بہتری پربھی توجہ مرکوزکریں۔اسی طرح طلباء والدین کی خدمت اور اساتذہ کرام کے احترام کو اپنا شعار بنائیں۔مشیر تعلیم نے کالج انتظامیہ کوصوبائی حکومت کی جانب سے ہرممکن مد د کا بھی یقین دلایا۔کوہاٹ گیریزن کیڈٹ کالج میں کل 11 گیمز کے انٹرہاؤس مقابلے ہوئے جن میں فٹ بال، کرکٹ،ہاکی،والی بال،باسکٹ بال،سکوائش،رسہ کشی، سوئمنگ اور ایتھلیٹکس شامل ہیں۔ان مقابلوں میں کالج کے 5 ہاؤسز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں جن میں ایوبی ہاؤس نے مجموعی کارگردگی کی بنیاد پر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جناح اور سینا ہاؤس بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔