گورنرسندھ عمران اسماعیل سے میئر حیدرآباد کی ملاقات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے میئر حیدرآباد طیب حسین نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں قومی ترقی میں حیدرآباد کے کردار، شہر کی ترقی وخوشحالی کے ترقیاتی منصوبوں، بلدیاتی نظام کی کارکردگی ، عوامی سہولیات کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات اور اہمیت کے حامل دیگر امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ حیدرآباد ایک قدیم ترین شہر ہے ، قومی ترقی میں شہر کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ، عرصہ دراز سے شہر کے ترقیاتی منصوبے التواء کا شکار ہونے کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہیں ، وزیرا عظم پاکستان کا وژن پورے ملک کی یکساں ترقی ہے اس ضمن میں حیدرآباد کے دیرینہ مسائل کے حل کے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی ، صوبہ کے دوسرے بڑے شہر میں آبادی کے تناسب سے ترقیاتی کام وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ملاقات میں میئر حیدرآباد طیب حسین نے حیدرآباد شہر کی ترقی و خوشحالی میں گورنرسندھ کی بھرپو ر دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصہ سے حیدرآباد کے مسائل کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ چکے ہیں ، حیدرآباد کے مکینوں کو موجودہ حکومت با الخصوص وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں ۔