کراچی ،سپریم کورٹ کے حکم پرچنگ چی رکشوں کی رجسٹریشن کا آغاز
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت چنگچی رکشوں کی رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے ، اب چنگچی رکشا لائسنس اور فٹنس کے بعد سڑکوں پر آئیں گے۔منگل کو چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔اجلاس میں چنگچی رکشہ پر فیئر میٹر کی بھی لازمی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، سیکریٹری ایکسائیز، ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ کراچی میں 6 راستوں پر چنگچی رکشہ کو اجازت دے دی گئی ہے۔چنگچی کا راستہ ماس ٹرانزٹ سسٹم اور اہم شاہراہوں کو متاثر نہیں کرے گا۔یوپی موڑ سے خواجہ اجمیر نگری، ناگن چورنگی سے اقرا یونیورسٹی نارتھ کیمپس روٹ ہوں گے۔ بکرا منڈی سے لی مارکیٹ اور بکرا منڈی سے منگھو پیر روڈ پر بھی چنگچی رکشہ چلیں گے ۔دو منٹ چورنگی سے نارتھ کراچی 6 نمبر اور ناگن چورنگی سے گودھرا موڑ بھی روٹ میں شامل ہیں۔