یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین مطالبات پر قائم، ڈی چوک پر تیسرے روز بھی دھرنا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی ممکنہ نجکاری کےخلاف اور اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے ملک بھر سے آئے ملازمین کا تیسرے روز بھی دھرنا جاری ہے۔
یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین نے مطالبات کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبات کی منظوری کیلئے پارلیمنٹ ہاو¿س تک مارچ کرسکتے ہیں۔ ڈی چوک میں ملازمین کے تین روز سے جاری احتجاجی دھرنے کے باعث پارلیمنٹ ہاو¿س کی جانب جانے والے ملحقہ راستوں کو خاردار تار لگاکر سیل اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ورکرز یونین کے فنانس سیکرٹری ریاض احمد گورائیہ اور دیگر مظاہرین نے کہا کہ حکومت کو نجکاری نہیں کرنے دیں گے، پورے ملک سے ملازمین اپنا حق لینے آئے ہیں اور لے کرہی جائیں گے، چھوٹے ملازمین کے ساتھ نا انصافی کی جا رہی ہے ، تنخواہیں گزشتہ تین سال سے نہیں بڑھائی گئیں، کنٹریکٹ ا ورڈیلی ویجز کو مستقل کیا جائے۔ حکومت ادارے کو پاﺅں پر کھڑا کرنے کی بجائے نجکاری کرنا چاہتی ہے، اس اقدام سے ہزاروں گھرانے متاثر ہوں گے۔