وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری بڑی مشکل میں پھنس گئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم عمران خان کے اوورسیز پاکستانیوں کے مشیر خاص زلفی بخاری کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کی دہری شہریت کے باوجود تعیناتی کے معاملے پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس پاکستان نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق درخواست گزار نے دہری شہریت کی بنیاد پرزلفی بخاری کی تقرری کوسپریم کورٹ میں چیلنج کیاتھا،درخواستگزارکے وکیل نے موقف اختیار کیا ہے کہ دہری شہریت والاشخص وزیراعظم کا معاون خصوصی نہیں بن سکتا، سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا تھا ۔جس کے بعد گریجوایشن کے طالبعلم مرزا موئز بیگ اور عادل چھٹہ نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف درخواست دائر کی جس کی سماعت چیف جسٹس نے اپنے چیمبر میں کی ۔
چیف جسٹس نے سماعت کے دوران رجسٹرار کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے زلفی بخاری کی تعیناتی کیخلاف درخواست کو سماعت کیلئے منظور کر لیا ہے ۔