”جب بھی حکومت بدلتی تو مجھے یہ کام کرنا پڑتا ہے “سعد رفیق نے عدالت سے ضمانت منظور کے بعد ایسی بات کہہ دی کہ عمران خان کو بھی ہنسی آ جائے گی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی عبور ی ضمانت میں 14 نومبر تک توسیع کر دی ہے جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ جب بھی حکومت بدلتی ہے مجھے جیل یاترا کرنی پڑتی ہے ۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق کا کہناتھا کہ آشیانہ ہاﺅسنگ سکینڈل کا مجھ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ، آج کیوں کہا کہ اس پر بھی تحقیقات کر رہے ہیں ، مجھے پیرا گون سٹی کا مالک بنایا ہواہے ، یہ مفروضوں پر مشتمل کہانی ہے اور ایک بھی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا ۔ ان کا کہناتھا کہ جب بھی نیب بلایا گیا تو صرف باتیں کی جاتی ہیں اور کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جاتا ۔
انہوں نے کہا کہ میرا اصل جرم یہ ہے کہ میں مسلسل بات کرتاہوں اور ایک نظریے کا علمبردار ہوں اور جب بھی حکومت بدلتی ہے مجھے جیل یاترا کرنی پڑتی ہے ۔
اس سے قبل سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق پیراگون ہاوسنگ کرپشن سکینڈل کے سلسلے میں لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔خواجہ برادران نے عبوری ضمانت میں مزید توسیع کی درخواست دی۔وکیل نیب نے عدالت میں کہا کہ آشیانہ اور ریلوے اسکینڈل میں سعد رفیق کو گرفتار نہیں کر رہے۔ خواجہ سعد رفیق کی گرفتاری کے خدشات غلط ہیں۔عدالت نے کہا کہ آشیانہ یا ریلوے اسکینڈل میں گرفتاری مطلوب ہو تو پہلے آگاہ کریں، وارنٹ گرفتاری جاری ہوں تو دونوں بھائی رجوع کر سکتے ہیں۔عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 14 نومبر تک توسیع کردی۔