قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے2نوجوانوں کی نماز جنازہ ادا ، ہزاروں کشمیریوں کی شرکت ،مقبوضہ وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل

قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے2نوجوانوں کی نماز جنازہ ادا ، ہزاروں ...
قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے2نوجوانوں کی نماز جنازہ ادا ، ہزاروں کشمیریوں کی شرکت ،مقبوضہ وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سری نگر(ڈیلی پاکستان آن لائن)مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں  شہیدنوجوانوں کی نمازہ جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت،شرکا کے آزادی اورپاکستان کےحق میں فلک شگاف نعرے ، 10 دنوں میں شہدا کی تعداد 27 ہو گئی ہے،حریت قیادت پھر گرفتار ، بھارتی انتظامیہ نے سری نگر اور بٹگام میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی،سکول اور کالجز  بند ،کشمیریوں کا احتجاج جاری ۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت مسلسل کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنا رہا ہےاور مقبوضہ کشمیر کو بھارتی فوج نے قتل گاہ بنا دیا ہے۔آج سری نگر کے نواح میں بھارتی فورسز نے مزید 2 نوجوانوں کو شہید کر دیا،کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں سری نگر کے علاقے نوگام میں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے محاصرہ کیا اور فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا، نوجوانوں کی شہادتوں کے بعد احتجاجاً کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی فورسز کے خلاف احتجاج کیا،2 نوجوانوں کی شہادت کے بعد 10 دنوں میں کشمیری شہدا کی تعداد 27 ہو گئی ہے۔بھارتی فورسزمقبوضہ وادی میں کشمیری نوجوانوں کا خون مسلسل بہا رہی ہیں،سری نگر کے علاقے نوگام میں بھارتی فورسز نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 2 نوجوانوں کو شہید کر دیا ، بھارتی فورسز کی کارروائی کے بعد کشمیری حریت پسندوں کی نماز جنازہ میں بھارتی سیکیورٹی اداروں کی تمام تر پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود  ہزاروں کشمیریوں نے شرکت کی اور  بھارت کے خلاف زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے آزادی اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ،اس موقع پر کئی مقامات پر کشمیری حریت پسندوں کی قابض فوج کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں اور کئی کشمیری نوجوان زخمی ہو گئے ۔حریت پسند قیادت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اپنے عروج پر ہے ،بھارت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے ،نہتے اور معصوم کشمیریوں کا خون بہت جلد رنگ لائے گا ۔کشمیری حریت قیادت کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کیمیائی ہتھیاروں سے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے کیمیائی ہتھیاروں کے نام پر مسلمان ملکوں پر حملے کرنے والے اس ظلم پر مسلسل خاموش ہیں۔دوسری طرف مقبوضہ کشمیر کے شمالی ضلع بارہمولہ کے قصبہ پٹن میں قابض بھارتی فورسز کا مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے آپریشن میں 29 راشٹریہ رائفلز ، ایس او جی ، سی آر پی ایف اور پولیس کے دستے حصہ لے رہے ہیں ، علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کرکے گھر گھر تلاشی کارروائی کے نام پر کشمیری حریت پسندوں کے خلاف ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے۔