غزہ ، اسرائیلی فوج کی فائرنگ، فلسطینی نوجوان شہید ، درجنوں زخمی
غزہ (صباح نیوز)قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی سرحد پر ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ مشرقی غزہ کی سرحد پر فلسطینیوں کی بڑی تعداد احتجاج کے لیے جمع تھی،اس دوران قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 17 سالہ منتصر محمد اسماعیل الباز شہید اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ منتصر الباز مشرقی البریج میں اسرائیلی فوج کی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوا۔ اسے علاج کے لیے الشفا میڈیکل کمپلیکس میں لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔