اسلام آباد میں گرفتار ہونے والے ان 3 افریقیوں کے پاس سے کیا چیز برآمد ہوئی؟ جان کر ہر پاکستانی کے واقعی ہوش اُڑجائیں گے کیونکہ۔۔۔
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ روز پولیس نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے قریب سے افریقی ملک نائجیریا کے تین باشندوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضہ سے اتنی بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی کہ دیکھ کر پولیس والے بھی حیران رہ گئے۔ مجبوعی طور پر 85 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مختلف قسم کی منشیات ان افریقیوں سے برآمد ہوئی ہیں، جو ساری کی ساری تعلیمی اداروں میں سپلائی کی جانی تھیں۔
ویب سائٹ dawn.comکے مطابق تینوں ملزمان کو تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ سیکریٹریٹ پولیس نے ملزمان سے جو منشیات برآمد کی ہیں ان میں 800 گرام ہیروئن ، 250گرام کوکین اور 300 گرام بھنگ بھی شامل ہے۔ پولیس افسران کا کہنا تھا کہ اس طرح کے سفاک مجرم بچوں کا مستقبل تباہ کر رہے ہیں لہٰذا ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
واضح رہے کہ محکمہ انسداد منشیات کی جانب سے رواں سال کے آغاز میں جاری کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یونیورسٹی سٹوڈنٹس کی ایک قابل ذکر تعداد منشیات کا استعمال کرتی ہے۔ قومی سطح کی بات کی جائے تو ایک اندازے کے مطابق 70لاکھ سے زائد افراد منشیات کے عادی ہیں جن میں سے 78 فیصد مرد اور 22 فیصد خواتین ہیں۔