پاکستانی ٹیم نے ہاکی کی تاریخ بدل دی، پہلی مرتبہ ایسا کام ہو گیا کہ سٹیڈیم میں بیٹھے شائقین ہاکی بھی دم بخود رہ گئے
مسقط (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ہاکی ٹیم نے ایک ہی میچ کے دوران دو مختلف کٹس استعمال کرنے کی تاریخ رقم کر دی ہے کیونکہ ہاکی کی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔
مسقط میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ پاکستانی ٹیم نے ایک میچ میں دو مختلف کٹس استعمال کی ہوں۔ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کی انتظامیہ نے میچ سے قبل دونوں ٹیموں کو کٹس کی ہدایات دی تھیں جس پر پاکستان کو سبز اور جاپان کو کالے رنگ کی کٹس استعمال کرنے کی ہدایات دی گئیں۔
دونوں ٹیمیں میچ کھیلنے کیلئے میدان میں اتریں تو معلوم ہوا کہ دونوں کی کٹس کے رنگ تو مختلف ہیں مگر ان میں فرق کرنا مشکل ہے اور ملتی جلتی لگ رہی ہیں جس پر پاکستان سے کٹس تبدیل کرنے کی درخواست کی گئی۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے فوری طور پر ہوٹل سے سفید رنگ کی کٹس منگوائی اور ہاف ٹائم میں اپنی کٹس تبدیل کر کے میدان میں اتریں تو شائقین ہاکی ایک ٹیم کو ایک ہی میچ میں مختلف کٹس میں دیکھ کر حیران رہ گئے۔ ایشین ہاکی چیمپئینز ٹرافی میں پاکستان اور جاپان کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔