پولیس کی وردی پہن کر بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو لوٹنے والے پکڑے گئے
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کی وردیاں پہن کر ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے ”عامری ڈکیت“ گینگ کے سرغنہ کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے وارداتوں کے دوران استعمال کی جانے والی پولیس اور فورسز کی وردیاں بر آمد ہوئی ہیں۔ ملزمان بیرون ملک سے واپس آنے والے افراد کو ٹارگٹ کر کے لوٹتے تھے۔ ملزمان نے چند روز قبل برطانیہ سے واپس آنے والے باپ بیٹے سے ملکی و غیر ملکی کرنسی چھینی اورمزاحمت پر فائرنگ کرکے باپ کو زخمی کر دیا تھا۔ملزمان سے لوٹی جانے والی ملکی و غیر ملکی کرنسی،قیمتی موبائل فون اور اسلحہ بھی بر آمد ہوا ہے ، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
سی پی او محمد فیصل رانا نے ڈکیت گینگ کو ٹریس کرکے ان کے سرغنہ سمیت گرفتار کرنے پر اے ایس پی کینٹ سرکل کامران حمید، ایس ایچ او ز،ڈولفن فورس اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل ٹیم کے ممبران کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔