’ پاکستان کی قومی یکجہتی سنگین خطرات سے دوچار ہے‘ نواز شریف کا چھوٹا داماد بھی میدان میں آگیا

’ پاکستان کی قومی یکجہتی سنگین خطرات سے دوچار ہے‘ نواز شریف کا چھوٹا داماد ...
’ پاکستان کی قومی یکجہتی سنگین خطرات سے دوچار ہے‘ نواز شریف کا چھوٹا داماد بھی میدان میں آگیا

  



لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی چھوٹی صاحبزادی اسماءنواز کے شوہر علی ڈار نے کہا ہے کہ ایک اور عوام کے دلوں میں بسنے والا لیڈرآج تاریخ کی عدالت میں کھڑا ہے، اس نے اپنا تن من دھن ایک بار نہیں بار بار پاکستان پر قربان کیا ہے، پاکستان کی قومی یکجہتی سنگین خطرات سے دوچار ہے، تاریخ پڑھیں اور عبرت پکڑیں۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے چھوٹے داماد اور اسحاق ڈار کے صاحبزادے علی ڈار نے ٹوئٹر پر لکھا ’کسی کا دکھ کیا ہوتا ہے، والد کے لیے پریشانی کیا ہوتی ہے، بیٹی کی حرمت کیا ہوتی ہے، والدین کی شفقت کیا ہوتی ہے، کچھ لوگ ان سب احساسات سے مبرا ہیں۔میاں صاحب کی قربانیاں، ان کا لازوال صبر اور پاکستان سے محبت ضرور رنگ لائے گی۔اگلے 24 سے 48 گھنٹے اہم ہیں ان کی صحتیابی کے لئیے خصوصی دعا کریں۔‘

علی ڈار کا مزید کہنا تھا کہ ایک اور عوام کے دلوں میں بسنے والا لیڈر، پاکستان کا ہی نہیں بلکہ پورے خطے کا سب سے اہم اور بڑا سیاستدان، آج تاریخ کی عدالت میں کھڑا ہے۔ اس نے اپنا تن من دھن ایک بار نہیں بار بار پاکستان پر قربان کیا ہے۔ اپنی حب الوطنی اور جمہوریت پسندی بار بار اعمال سے ثابت کی پھر چاہے وہ دنیا کے خلاف جا کر ایٹمی تجربات ہوں، کنپٹی پر رکھی پستول کی پرواہ کیے بغیر وزارتِ عظمیٰ کی عوامی امانت سے استعفیٰ مانگے جانے پر ’اوور مائی ڈیڈ باڈی‘ کے تاریخی کلمات ہوں یا بسترِ مرگ پر پڑی بیوی کو چھوڑ کر بیٹی کو ہمراہ لیے پاکستان واپس آ کر ناحق گرفتاری دینے کی قربانی ہو۔

نواز شریف کے داماد نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت عوام کے اندر نفرتیں بھری گئیں مگر تبدیلی کی حقیقت تیزی سے عیاں ہو رہی ہے۔ پاکستان کی قومی یکجہتی سنگین خطرات سے دوچار ہے۔ نواز شریف کو تو تاریخ ہمیشہ زندہ رکھے گی پر آپ اپنی غلطیوں کو سدھاریں اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔تاریخ پڑھیں اور عبرت پکڑیں۔

مزید : قومی