یو اے ای اور بحرین کے بعد سوڈان کا بھی اسرائیل کیساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کا فیصلہ
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور بحرین کے بعد سوڈان نے بھی اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اورسوڈانی رہنماﺅں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس کے بعد جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ سوڈان اور اسرائیل نے امریکہ کی مدد سے معمول کے سفارتی تعلقات قائم کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکہ سوڈان کے قرضے کم کرانے میں مدد کرے گا۔
اس کے علاوہ امریکی صدر نے ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید کئی ممالک اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل، سوڈان اورچند اور ممالک کے رہنما جلد واشنگٹن آئیں گے۔