پی سی بی نے قائداعظم ٹرافی کیلئے نیا پوائنٹس سسٹم متعاراف کرا دیا

پی سی بی نے قائداعظم ٹرافی کیلئے نیا پوائنٹس سسٹم متعاراف کرا دیا
پی سی بی نے قائداعظم ٹرافی کیلئے نیا پوائنٹس سسٹم متعاراف کرا دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 25 اکتوبر سے شروع ہونے والے پاکستان کے پریمیر کرکٹ ٹورنامنٹ، قائد اعظم ٹرافی کیلئے نیا مگر مقابلے سے بھرپور پوائنٹ سسٹم متعارف کروادیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نئے پوائنٹ سسٹم کو متعارف کروانے کا مقصد ایونٹ کے زیادہ سے زیادہ میچز کو نتیجہ خیز بنانا ہے، کراچی کے چار مختلف وینیوز پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ میں مجموعی طور پر 31 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 5 روز پر مشتمل ہو گا۔ کارکردگی اور نتائج اخذ کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو جارحانہ اور مثبت حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کی نئی متعارف کروائی گئی پلیئنگ کنڈیشنز یہاں موجود ہیں۔

نئے پوائنٹ سسٹم کے تحت ابتدائی اننگز کے 100 اوورز میں 400 رنز بنانے والی ٹیم کو 5 بیٹنگ پوائنٹس ملیں گے اور اس سے بلے بازوں کے سٹرائیک ریٹ میں بہتری آئے گی جبکہ 100 یا اس سے کم اوورز میں سکور بنانے کی رفتار کے حساب سے بیٹنگ پوائنٹس کی ترتیب مندرجہ ذیل ہے۔ 

ایک پوائنٹ: 200 رنز پر

دو پوائنٹس: 250 رنز پر

تین پوائنٹس: 300 رنز پر

چار پوائنٹس: 350 رنز پر

پانچ پوائنٹس: 400 رنز پر

اسی طرح باؤلرز میں مقابلے کی فضاءبرقرار رکھنے کیلئے بھی پوائنٹ سسٹم میں کچھ تبدیلی کی گئی ہے اور اب 100 یا اس سے کم اوورز میں وکٹیں گرانے کے حساب سے باؤلنگ پوائنٹس کی ترتیب مندرجہ ذیل ہے۔ 

ایک پوائنٹ:3 وکٹیں

دو پوائنٹس: 6 وکٹیں

تین پوائنٹس: 8 وکٹیں

اس طرح پہلے باؤلنگ کرنے والی ٹیم اگر ابتدائی 100 اوورز میں حریف ٹیم کو 200 سے کم رنزپر آؤٹ کردیتی ہے تو اس صورتحال میں اسے مجموعی طور پر 6 پوائنٹس ملیں گے جس میں 3 پوائنٹس ابتدائی 100 اوورز میں 8سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے اور 3 پوائنٹس حریف ٹیم کو 200 سے کم رنز پر محدود کرنے پر ملیں گے۔

100 یا اس سے کم اوورز میں سکور کے حساب سے باؤلنگ پوائنٹس کی ترتیب مندرجہ ذیل ہے۔ 

ایک پوائنٹ: 300 سے کم رنز پر پوری ٹیم کو آؤٹ کرنے پر

دو پوائنٹس: 250 سے کم رنز پر پوری ٹیم کو آؤٹ کرنے پر

تین پوائنٹس: 200 سے کم رنز پر پوری ٹیم کو آؤٹ کرنے پر

پوائنٹ سسٹم کیساتھ ساتھ پی سی بی نے اپنی پلیئنگ کنڈیشنز میں بھی چند تبدیلیاں کی ہیں اور کھلاڑیوں میں سپرٹ آف کرکٹ کو فروغ دینے کی غرض سے میدان چھوڑ کر جانے پر عائد پابندی کو مزید سخت کردیا گیا ہے اور اب اگر کوئی بھی ٹیم ایسی حرکت کرتی ہے تو 

• میچ کو وہیں پر روک دیا جائے گا اور دوبارہ شروع نہیں کروایا جائے گا

• اس ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز پر 12 ماہ کی پابندی عائد کردی جائے گی اور یہ پابندی پوری دنیا پر لاگو ہو گی۔

• اس ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کنٹریکٹس فوری طور پر ختم کردئیے جائیں گے۔

• مذکورہ ٹیم کو متبادل کھلاڑیوں اور آفیشلز کو سکواڈ میں شامل کرکے ٹورنامنٹ جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔

• اس میچ میں حاصل کئے گئے مذکورہ ٹیم کے تمام پوائنٹس ختم کردئیے جائیں گے۔

• حریف ٹیم کو زیادہ سے زیادہ پوائنٹس ایوارڈ کیے جائیں گے۔

دوسری جانب کوویڈ19 کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام ٹیموں کو کوویڈ 19 متبادل کھلاڑی کو سکواڈ میں شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔ یہ متبادل لائک ٹو لائک کی بنیاد پر اور صرف اس وقت حاصل کیا جاسکے گا جب کسی کھلاڑی کا کوویڈ19 ٹیسٹ مثبت آیا ہو۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) قوانین کے مطابق پی سی بی بھی کن کشن یا کوویڈ 19 کے متبادل کھلاڑی کی اجازت دے رہا ہے۔

مزید :

کھیل -