اورنج لائن ٹرین منصوبہ پایا تکمیل تک پہنچ چکا ،شہباز شریف اس منصوبے سمیت عوامی منصوبوں کے حقیقی ہیرو ہیں: خواجہ احمد حسان
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق مشیر وزیر اعلی پنجاب اور چئیرمین سٹرینگ کمیٹی اورنج لائن ٹرین پروجیکٹ خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ عالمی معیار کا پبلک ٹرانسپورٹ عوامی منصوبہ اورنج لائن ٹرین پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہےجس پر عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے وژن کے مطابق شہباز شریف کی پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے پر کی گئی کاوشیں پوری ہوئیں۔ اورنج لائن ٹرین کے افتتاح کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہاس خوشی کے موقع پر چینی صدر اور سی آر نارنکو کمپنی اور ان کی ٹیم کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ اپنی نوعیت کا منفرد عوام دوست ماحول دوست منصوبہ ہے جس سے روزانہ لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔خواجہ احمد حسان نے کہا کہ شہباز شریف اس منصوبے سمیت عوامی منصوبوں کے حقیقی ہیرو ہیں ،دس سال میں پنجاب کو پنجاب سپیڈ بنانے والے شہباز شریف آج سلاخوں کے پیچھے ہیں جس پر ہر شہری افسردہ ہے،بغیر کسی جرم کے پابند سلاسل شہبازشریف جلد سرخرو ہوں گے اور ہم انکی لیڈرشپ میں ملک کو مزید ترقی کی منازل پر لے کر جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہوریوں کے لیے اورنج لائن کا تحفہ شہباز شریف اور انکی ٹیم کی جانب سے تاریخ میں یاد رکھا جائے گا ۔