اوور بلنگ کا غصہ،صارفین نے لیسکو ملازم سے بل چھین کر جلا دیے
لاہور(خبرنگار) بجلی کی بڑھتی قیمتوں، اووربلنگ اور تاخیر سے بل ملنے پر عوام کا پارا ہائی ہو گیا، محمود بوٹی کے علاقہ تاج پارک میں صارفین نے واپڈا اہلکار سے بجلی کے بل چھین کرجلا دئیے۔ بجلی کی قیمتیں کم ہونے تک بل ادا نہ کرنے کی دھمکی۔ تفصیلات کے مطابق لیسکو شالیمار ڈویڑن کی سب ڈویڑن محمودبوٹی کا ملازم (بل ڈسٹری بیوٹر) وارث بیج نمبر4 کے بل علاقہ تاج پارک میں میں تقسیم کرنے کے لئے گیا تو عوام نے لیسکو سمیت حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ واپڈا اہلکار وارث خوفزدہ ہو کر وہاں سے چلا گیا۔ مشتعل صارفین کا کہنا تھا کہ بجلی کے بل تاخیر سے آتے ہیں اور اوپر سے زائد بل آنے پر ادا کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔ اس حوالے سے ایکسیئن باغبانپورہ رب یار کاکہنا ہے کہ صارفین سے بلوں کی ادائیگی اور ریکوری ہر صورت کی جائے گی جبکہ واپڈا ملازم سے بل چھین کر جلانا انتہائی غیراخلاقی اور غیر قانونی فعل ہے۔