ڈیرہ میں باقاعدہ طور ڈاکٹر کاظم نیاز کرکٹ اکیڈمی کا افتتاح
پشاور(سٹاف رپورٹر)ہفتے کے روزکمشنر ڈیرہ ڈویژن عامر لطیف نے ریجنل پولیس افس ڈیرہ میں باقاعدہ طور ڈاکٹر کاظم نیاز کرکٹ اکیڈمی کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر شوکت عباس، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ اور ضلعی پولیس سربراہ ڈیرہ کیپٹن ریٹائرڈ نجم الحسنین لیاقت موجود تھے۔اس افتتاحی تقریب کے موقع پر کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ کھیل انسانی صحت کیلئے بہت مفید ہے اور جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کی نوجوان نسل نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی طور پر بھی تندرست ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل کود کی بدولت صحت مند نوجوان پرامن معاشرے کی تشکیل کے ضامن ہوتے ہیں۔اس موقع پر آر پی او ڈیرہ نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیکر پولیس جوانوں اور پولیس کے بچوں کیلئے اس کرکٹ اکیڈمی کو بہترین پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا جائے گا جہاں سے پولیس کے جوان اور پولیس کے بچے کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیکر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر خیبر پختونخوا پولیس فورس کا نام روشن کرنے کیلئے میدان میں اتریں گے۔