محافل نعت کا انعقاد باعث رحمت و ثواب ہے،سید معظم علی 

محافل نعت کا انعقاد باعث رحمت و ثواب ہے،سید معظم علی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)فیضان جیلانی نعت کونسل کے سرپرست سید معظم علی نے کہا ہے کہ محافل نعت کا انعقاد باعث رحمت اور باعث ثواب ہے۔ایسی پاکیزہ روحانی محفلوں کا انتظام کرنے والوں پر رحمت الہی کا نزول ہوتا ہے۔اس عمل سے بگڑے،ٹیڑھے اور زنگ آلودہ دلوں کی صفائی ہوتی ہے اور بے چین دل کو سکون ملتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ کراچی میں محمد یعقوب کی رہائش پر منعقدہ محفل نعت سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔سید معظم علی نے کہا کہ  نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی زندگی دنیا کے تمام انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کی ذات اقدس ہی ہے جو تمام نوع انسان کیلئے ایک مکمل لائحہ عمل اور ضابطہ حیات ہے۔ آپ ﷺ ہی وہ فرد کامل ہیں جن میں اللہ رب العزت نے وہ تمام اوصاف جاگزیں کئے ہیں جو انسانی زندگی کیلئے مکمل لائحہ عمل بن سکتے ہیں۔ آپﷺ اپنی قوم میں اپنے رفعت کردار، فاضلانہ وشیریں اخلاق اور کریمانہ عادات کے سبب سب سے ممتاز تھے۔انہوں نے کہا کہ نبیﷺ سب سے زیادہ بامروت، سب سے زیادہ خوش اخلاق، سب سے زیادہ معزز ہمسائے، سب سے بڑھ کر دور اندیش، سب سے زیادہ راست گو، سب سے زیادہ نرم پہلو، سب سے زیادہ پاک نفس، سب سے زیادہ خیر اندیش، سب سے زیادہ کریم، سب سے زیادہ نیک، سب سے بڑھ کر پابند عہد اور سب سے بڑے امانتدار تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی قوم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا لقب ہی امین رکھ دیا تھا۔محسن انسانیت ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرکے ہم دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔اللہ تعالی نے حضرت محمد ﷺ کو دونوں جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا۔آج مسلمانوں کی پستی وجہ یہی ہے کہ ہم نے نبی اکرمﷺ کی سنتوں پر عمل کرنا چھوڑ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محافل نعت کا انعقاد باعث رحمت ہے۔ان محفلوں سے روح کو ایک تازگی ملتی ہے۔ایسی محافلوں کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔

مزید :

صفحہ آخر -