بھارت کو شکست دینے کیلئے تمام صلاحیتیں موجود ہیں، کپتان بابر اعظم 

بھارت کو شکست دینے کیلئے تمام صلاحیتیں موجود ہیں، کپتان بابر اعظم 
بھارت کو شکست دینے کیلئے تمام صلاحیتیں موجود ہیں، کپتان بابر اعظم 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ٹی 20 ورلڈ کپ میں آج پاکستان اپنے روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گا، قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بھارت کو شکست دینے کیلئے تمام صلاحیتیں موجود ہیں ۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کا سب سے تگڑا مقابلہ آج شام 7 بجے ہوگا جہاں پاک بھارت کی ٹیمیں ٹکرائیں گی ، ایک طرف دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اترنے کی حکمت عملی بنا چکی ہیں  تو دوسری جانب دونوں ممالک کے شائقین بھی میچ دیکھنے کیلئے اپنی تیاریاں مکمل کر چکے ہیں ، سرحد کے دونوں اطراف شائقین انتہائی پرجوش ہیں اور اپنی اپنی ٹیم کی جیت کیلئے پر امید ہیں  ۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ہفتے کے روز ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارت کے خلاف اپنی ٹیم کے 12 کھلاڑیوں کا اعلان کیا تھا۔ بابر اعظم نے کہا کہ  بھارت کے خلاف افتتاحی میچ کے لیے 12 رکنی ٹیم کو حتمی شکل دی ہے اور حیدر علی کو بھی شامل کیا ہے، حتمی 11 کھلاڑیوں کا اعلان میچ کے شروع ہونے سے تھوڑی دیر قبل کیا جائے گا۔

بابر اعظم نے ماضی میں ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف کھیلے جانے والے تمام میچز ہارنےسے متعلق کہا کہ ماضی میں جو ہوا وہ ماضی ہے ،ہم کسی ریکارڈ پر توجہ کئے بغیر مستقبل کی جانب دیکھ رہے ہیں،  کھلاڑی اچھی فارم میں ہیں اور پر امید ہیں کہ بھارت کے خلاف افتتاحی میچ جیتیں گے ، ہمارے پاس شکست دینے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں ، ہم پریشر فری کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار ہیں ۔ 

 خیال کیا جا رہا ہے کہ حیدر علی اور آصف علی میں سے کسی ایک کو موقع دیا جائے گا ۔ ایک سوال کہ ""سرفراز احمد کو جگہ کیوں نہیں دی گئی "" کے جواب  میں کپتان نے کہا کہ ان کا شعیب ملک کے ساتھ ٹائی ہوا تھا ، بہت سوچ بچار کے بعد ہم نے شعیب ملک کا انتخاب کیا کیوں کہ شعیب کے پاس تمام ضروری صلاحتیں اور حریف کو زیر کرنے کی تکنیک موجود ہے ،  سرفراز کی جہاں بھی خدمات درکار ہوں گی انہیں استعمال کیا جائے گا۔

کپتان بابر اعظم نے شاداب خان کی ناقاص باؤلنگ اور بیٹنگ کا بھی دفاع کیا ، کہا کہ وہ اپنی فارم میں نہیں آئے مگر انہوں نے اپنی باؤلنگ اور بیٹنگ پر بھرپور محنت کی ہے اور  ہمیں امید ہے کہ ٹورنامنٹ میں وہ بہترین کارکردگی دکھائیں گے ، شاداب کے پاس دیگر تمام سے زیادہ صلاحیتیں موجو دہیں ۔