ٹی 20 ورلڈ کپ ، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے سنسنی خیز میچ کا نتیجہ سامنے آگیا
شارجہ ( ڈیلی پاکستان آن لائن )سری لنکا نےاپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں شکست دیدی ہے۔
سری لنکا نے 172 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں پورا کرلیا۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پہلی وکٹ جلد گرگئی، بائیں ہاتھ کے بلے باز کوشل پریرا صرف ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دوسری وکٹ کے لیے سری لنکا کے بلے بازوں نے اچھی شراکت قائم کی تاہم دوسری وکٹ گرنے کے بعد اگلی دو وکٹیں بھی جلد ہی گرگئیں۔ نیسنکا 24، ہسارنگا چھ اور فرنینڈو صفر رنز پر آؤٹ ہوئے ۔تاہم چار وکٹیں گرنے کے بعد اوپننگ بلے باز ایسلنکا اور راجہ پکسے نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیشی باؤلرز کے خلاف وکٹ کے چاروں جانب شاٹس کھیلے، اس دوران بنگلہ دیشی فیلڈرز نے دو کیچ ڈراپ کرکے سری لنکا کا خوب ساتھ دیا۔راجہ پکسے 30 گیندوں پر 53 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤ ٹ ہوئے،انکی اننگز میں تین چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔اوپننگ بلے باز ایسلنکا 49 گیندوں پر 80 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے انکی اننگز میں پانچ چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن، نسیم احمد نے دو ،دو جبکہ سیف الدین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی ، بنگلہ دیش کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے ۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز انتہائی محتاط کیا ، چھٹے اوور کی پانچویں گیند پر اوپنر بلے باز لٹن داس 40 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئے ، لٹن داس نے 16 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے ۔ٹاپ آرڈر بلے باز شکیب الحسن بھی 10 رنز ہی بنا سکے ، وہ آٹھویں اوور کی چوتھی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ، ان کی وکٹ کرونا رتنے نے حاصل کی ۔ اوپنر محمد نعیم نے 62 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط سہارا فراہم کیا ، انہوں نے 52 گیندیں کھیلیں ، نعیم 17ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر بینورا فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبیو ہو گئے ۔ بنگلہ دیش کی چوتھی وکٹ عفیف حسین کی صورت میں گری ،عفیف انیسویں اوور کی تیسری گیند پر رن آؤٹ ہوئے ، انہوں نے چھ گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 7 رنز بنائے ۔سری لنکا کی جانب سے کرونا رتنے، فرنینڈو اور لیہرو کمارا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔