ٹی 20 ورلڈکپ، بھارت کیخلاف میچ سے قبل حسن علی گٹارسٹ بن گئے، ’دل دل پاکستان‘ گانے کی ویڈیو وائرل
ابوظہبی (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر حسن علی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف بڑے میچ سے قبل مشہور زمانہ ملی نغمہ ’دل دل پاکستان‘گا کر سب کے دل جیت لیے ہیں۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے ۔قومی ٹیم کے آل راؤنڈر حسن علی جہاں گراؤنڈ میں اپنی کارکردگی اور اپنے خوشی منانے کے انداز سے تماشائیوں کو محظوظ کرتے ہیں وہیں وہ گراؤنڈ کے باہر بھی ایک دلچسپ شخصیت کے مالک ہیں۔
اب بھارت کے خلاف بڑے میچ سے قبل آئی سی سی نے حسن علی کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہیں گٹار ہاتھ میں اٹھائے ملی نغمہ گاتے سنا جا سکتا ہے۔
Hassan Ali sing a song before big clash between #PakVsInd#BabarAzam
— h-m-m-a-d (@iamhmmad1) October 24, 2021
Video ???? : From @T20WorldCup pic.twitter.com/Se9BkNnDq0
ویڈیو میں حسن علی کو پہلے یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ مجھے گٹار بجانا نہیں آتا لیکن پھر وہ ’دل دل پاکستان‘ نغمہ گنگناتے ہیں اور ساتھ گٹار بھی بجاتے ہیں۔آخر میں حسن علی کو ’اوئے میری فنگرز ہرٹ ہو گئیں‘ کہتے بھی سنا جا سکتا ہے جبکہ وہاں موجود حفیظ سمیت دیگر افراد حسن علی کو تالیاں بجا کر داد بھی دیتے ہیں۔