وزیرستان میں سی پیک روڈ کے کنٹریکٹر کی قیمتی مشینری پٹرول چھڑک کر جلادی گئی
پشاور (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان میں سی پیک روڈ پر کام کرنے والے گورنمنٹ کنٹریکٹر کی بھاری مشینری کو نامعلوم مسلح افراد نے پٹرول چھڑک کر نذر آتش کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں ایکسکیویٹر، روڈ رولر سمیت پانچ قیمتی مشینری جل کر راکھ ہو گئی۔میرعلی سے غلام خان تک سی پیک روڈ پر کام کرنے والے حکومتی ٹھیکے دار محمد فاروق داوڑ اور نذیر حسین نے اس حوالے سے بتایا کہ گزشتہ شام تبی ٹول خیل کے قریب واقع ان کے کیمپ پر 15 سے 20 مسلح نقاب پوشوں نے دھاوا بول دیا اور وہاں موجود مزدوروں اور ڈرائیوروں کو رسیوں سے باند ھ کر کیمپ میں کھڑی گاڑیوں سے پیٹرول نکال لیا اور قیمتی و بھاری مشینری پر چھڑکنے کے بعد مذکورہ مشینری کو آگ لگادی، جس سے 7 کروڑ مالیت کی مشینری جل کر راکھ ہو گئی۔ان کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے نہ تو انہیں کسی قسم کی دھمکیاں موصول ہو ئی ہیں اور نہ ہی ایسے کچھ آثاردکھائی دیے تھے جس سے اتنا بڑا نقصان ہوا ہے۔
حافظ گل بہادر گروپ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے خواب دیکھنے والوں شمالی وزیرستان میں کنسٹرکشن کمپنی کے گاڑیاں کس نے جلائی ہے ؟@IhsanTipu @yes_mohmand @RizwanMasid @OfficialDGISPR @Waseem_Mahsood @a_baitanai @Shafqat_Mahmood pic.twitter.com/ITamtuzCHp
— Shakir Mehsud (@mehsud_shakir) October 24, 2021
اس واقعے کے بارے میں عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نقاب پوشوں نے انہیں گن پوائنٹ پر رکھتے ہوئے پورے کیمپ کو مکمل طور پر یرغمال بنا لیا تھا اور مشینیری کے مکمل طور پر جل کر راکھ ہونے تک کیمپ میں موجود رہے، جب انہیں یقین ہو گیا کہ سب کچھ جل کر راکھ ہو چکا ہے تو موقع واردات سے فرار ہو گئے۔