پاک بھارت میچ کے دوران ملک بھر میں کہیں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی ، وزارت پاور ڈویژن کا اعلان
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ٹی 20ورلڈ کپ میں آج پاکستان بھارت سے ٹکرائے گا، عوام کے جوش و ولولہ کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت پاور ڈویژن نے میچ کے دوران ملک بھر میں کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی نوید سنا دی ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وزارت پاور ڈویژن کے مطابق پاک بھارت میچ کے دوران ملک کے کسی بھی علاقے میں بجلی کی بندش نہیں ہوگی ، وزارت نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی بندش کی صورت میں بجلی کی فوری فراہمی کے اقدامات کئے جائیں ۔
لیسکو کی جانب سے بھی دوران میچ لاہور کے کسی بھی علاقے میں بجلی بندنہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
ادھر قومی ائر لائنز پی آئی اے نے اپنے مسافروں کو میچ سے با خبر رکھنے کیلئے جہازوں کے کپتانوں کو نئی ذمہ داری تفویض کی ہے جس کے تحت کپتان سیٹلائٹ کے ذریعے میچ سے اپ ڈیٹ دیتے رہیں گے اور مسافروں کو اپ ڈیٹ کرتے رہیں گے ۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں آج شام 7 بجے پاکستان اپنے روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گا ۔